'یونس خان! پاکستان تمھارا شکرگزار ہے'

اپ ڈیٹ 24 اپريل 2017
یونس خان یہ اعزاز حاصل کرنے والے پاکستان کے پہلے اور دنیا کے 13 ویں بلے باز ہیں—۔فائل فوٹو
یونس خان یہ اعزاز حاصل کرنے والے پاکستان کے پہلے اور دنیا کے 13 ویں بلے باز ہیں—۔فائل فوٹو

لیجنڈ پاکستانی بیٹسمین یونس خان ویسٹ انڈیز کے خلاف پہلے ٹیسٹ میچ میں شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے 10 ہزار ٹیسٹ رنز بنانے کا اعزاز حاصل کرکے پاکستان کے پہلے اور دنیا کے 13ویں کرکٹر بن گئے۔

یونس خان کے اس اعزاز کے بعد پاکستان کے موجودہ اور سابق کرکٹرز، دیگر مشہور شخصیات اور شائقین کرکٹ کی جانب سے انھیں ٹوئٹر پر مبارکباد دینے کا سلسلہ شروع ہوگیا۔

عمران خان

پاکستان کو 1992 کا ورلڈ کپ جتوانے والے سابق کپتان اور پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے چیئرمین عمران خان نے یونس خان کو یہ اعزاز حاصل کرنے پر مبارک باد دی۔

عمران خان کا کہنا تھا کہ یہ یونس خان کی ہمت، عزم اور مشکل حالات میں معیاری باؤلنگ کے خلاف اسکور کرنے کی ان کی صلاحیت ہے، جس نے انھیں یہ کامیابی دلائی۔

وسیم اکرم

سابق کپتان وسیم اکرم نے بھی 10 ہزار رنز مکمل کرنے پر یونس خان کو مبارکباد دی اور کہا، 'آپ کافی عرصے قبل ہی لیجنڈ کا رتبہ حاصل کرچکے تھے، یہ اعزاز تو کیک پر محض آئسنگ کی طرح ہے۔

شاہد آفریدی

بوم بوم آفریدی نے بھی یونس خان کو 10 ہزار رنز کے ناقابل یقین اعزاز پر مبارکباد دی، ساتھ ہی انھوں نے اس امید کا اظہار کیا کہ اس فیئر ویل سیریز میں یونس رنز کا انبار کھڑا کردیں گے۔

وقار یونس

سابق کرکٹر وقار یونس نے بھی یونس خان کو لیجنڈ قرار دیتے ہوئے کہا کہ 'ہمیں آپ پر فخر ہے'، انھوں نے یونس، ان کے اہلخانہ اور پوری قوم کو مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ 10 ہزار رنز بنانا ایک حیرت انگیز کامیابی ہے۔

یاسر حمید

پاکستانی کرکٹر یاسر حمید نے بھی یونس خان کو اس کامیابی پر مبارکباد دی اور انھیں دنیا میں پاکستان کا سچا ایمبیسڈر قرار دیا۔

فخر عالم

پاکستانی گلوگار اور میزبان فخرعالم بھی یونس خان کو مبارکباد دینے کے سلسلے میں پیچھے نہ رہے اور انھوں نے کہا، 'مبارک ہو چیمپیئن، مسکرانے اور تم پر فخر کرنے کی 10 ہزار وجوہات ہیں، یونس خان! پاکستان تمھارا شکرگزار ہے'۔

جاوید آفریدی

پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) کی ٹیم پشاور زلمی کے مالک جاوید آفریدی نے اپنی ٹوئیٹ میں کچھ 'حساب کتاب' کے ذریعے یونس خان کو لیجنڈ قرار دیا۔

مصطفیٰ کمال

پاک سرزمین پارٹی (پی ایس پی) کے سربراہ اور سابق ناظم کراچی مصطفیٰ کمال کیوں پیچھے رہتے، انھوں نے بھی 10 ہزار رنز بنانے پر یونس خان کو مبارکباد دی۔

ڈیرن سیمی

غیر ملکی کھلاڑیوں نے بھی یونس خان کو اس اعزاز پر سراہا، ویسٹ انڈیز کی ٹی ٹوئنٹی ٹیم کے کپتان ڈیرن سیمی نے اپنے ٹوئٹر پیغام میں یونس خان کو مبارکباد دی اور لکھا، 'ویل ڈن لیجنڈ'۔

واضح رہے کہ یونس خان یہ اعزاز حاصل کرنے والے پاکستان کے پہلے اور دنیا کے 13 ویں بلے باز ہیں۔

تبصرے (0) بند ہیں