لندن: ہر انسان پر ایسا وقت آتا ہے کہ اسے بچپن چھوڑ کر بلوغت میں داخل ہونا پڑتا ہے، مگر اکثر لوگوں کو پتہ نہیں ہوتا کہ وہ بالغ کیسے ہوئے؟

بظاہر تو انسان غذا سے ہی بلوغت کو پہنچتا ہے، اور اسی عمل کے ذریعے ہی انسان کی زندگی آگے بڑھتی ہے، تاہم ایک تحقیق سے پتہ چلا ہے کہ انسان کے بالغ ہونے میں جینز کا کردار بہت ہی اہم ہوتا ہے۔

ہر انسان میں 389 ایسے جینز ہوتے ہیں، جن کا بلوغت میں اہم کردار ہوتا ہے، یہ جینز انہیں اپنے والدین سے ورثے میں ملتے ہیں۔

جینز ہوتے تو ہر انسان کے جسم میں ہیں، مگر وہ اس کے اپنے نہیں بلکہ اسے خاندان سے ورثے میں ملتے ہیں، جو انسان کے جسم میں صحت، بیماریوں، بلوغت، صلاحیت سمیت دیگر چیزوں میں اہم کردار ادا کرتے ہیں۔

سائنس جنرل نیچر میں شائع ہونے والے ایک مضمون میں بتایا گیا کہ یونیورسٹی آف کیمبرج کے یونٹ میڈیکل رسرچ کونسل (ایم آر سی) اور انٹرنیشنل ریپروگین کنسورشیم کی جانب سے کی جانے والی تحقیق سے پتہ چلا کہ مرد و خواتین کے جسم میں موجود 389 جینز ایسے ہیں، جن کا بالغ ہونے میں نہایت اہم کردار ہے۔

اس تحقیق میں زیادہ تر خواتین کے بالغ ہونے کا جائزہ لیا گیا، تاہم یہ جینز مردوں میں بھی ہوتے ہیں، جو ان کی جوانی میں اہم کردار ادا کرتے ہیں۔

اس تحقیق کے دوران سائنسدانوں نے 3 لاکھ 70 ہزار خواتین کے ڈیٹا کا جائزہ لیا، یہ جائزہ خواتین کے بلڈ ٹیسٹ سمیت دیگر ٹیسٹز کی مدد سے لیا گیا۔

ماہرین نے یوکے بلڈ بینک کی مدد سے 40 سے زائد اسٹڈیز کے دوران مرد و خواتین کے جینز کا جائزہ لیا، جس دوران پتہ چلا کے 389 جینز ایسے ہیں جو خالصتا بلوغت میں اہم کردار ادا کرتے ہیں۔

تحقیق میں یہ بات بھی سامنے آئی کہ بعض لڑکیوں یا لڑکوں کے جلدی بالغ ہونے کی وجہ سے انہیں کینسر اور دل کے امراض سمیت دیگر موذی امراض بھی لاحق ہوسکتے ہیں۔

یہ بھی پڑھیں: جنیاتی مرض ، 4 سالہ بچی بالغ ہوگئی

وقت سے پہلے بالغ ہونے والے افراد میں سیکس ہارمونز کے مسائل پیدا ہوتے ہیں، جس وجہ سے لڑکیوں میں چھاتی کا سرطان، جب کہ لڑکوں کو پروسٹیٹ کینسر ہوجاتا ہے۔

تحقیق میں شامل ماہرین کے مطابق کھیلوں کے شوقین لڑکے جو وقت سے پہلے بالغ ہوجاتے ہیں، انہیں زیادہ تر دل کے امراض لاحق ہوجاتے ہیں۔

تاہم ماہرین کے مطابق یہ تحقیق نامکمل ہے، اسے مکمل کرنے میں ابھی کام کی ضرورت ہے۔

ماہرین اس بات پر تحقیق کرنا چاہتے ہیں کہ لڑکوں اور لڑکیوں میں وقت سے پہلے بلوغت کیوں ہوتی ہے، اور اس کی وجہ سے ہونے والے امراض کس مسئلے کے باعث ہوتے ہیں، اور اس میں کون سے جینز کردار ادا کرتے ہیں۔

ماہرین اس بات کا بھی جائزہ لیں گے کہ ماں یا باپ کی جانب سے منتقل ہونے والے جینز بلوغت میں کیا کردار ادا کرتے ہیں، اور ان دونوں کی جانب سے منتقل ہونے والے جینز کا کوئی خاص یا الگ الگ کردار بھی ہوتا ہے، یا نہیں۔

اور یہ کہ بالغ ہونے مدد فراہم کرنے والے جینز میں زیادہ تر جینز والد کی جانب سے آتے ہیں یا والدہ کی جانب سے؟

اس تحقیق میں ماہرین نے یہ نہیں بتایا کہ لڑکے یا لڑکی کے بالغ ہونے کی صحیح عمر کیا ہونی چاہئیے۔

تبصرے (0) بند ہیں