’مصباح جیسا تحمل مزاج کپتان آج تک نہیں دیکھا‘

اپ ڈیٹ 24 اپريل 2017
مصباح الحق 24 فتوحات کے ساتھ ٹیسٹ کرکٹ میں پاکستان کے سب سے زیادہ کامیاب کپتان ہیں— فائل فوٹو: اے ایف پی
مصباح الحق 24 فتوحات کے ساتھ ٹیسٹ کرکٹ میں پاکستان کے سب سے زیادہ کامیاب کپتان ہیں— فائل فوٹو: اے ایف پی

سابق آسٹریلین بلے باز اور پاکستان سپر لیگ کی فرنچائز اسلام آباد یونائیٹڈ کے کوچ ڈین جونز نے پاکستان کی ٹیسٹ ٹیم کے کپتان مصباح الحق کو سراہتے ہوئے کہا ہے کہ پاکستان کو مصباح کے ریٹائر ہونے کے بعد ان کی خدمات کی کمی محسوس ہو گی۔

مصباح الحق ٹیسٹ کرکت سے ریٹائرمنٹ کا اعلان کر چکے ہیں اور ویسٹ انڈیز کے خلاف جاری ٹیسٹ سیریز ان کی کرکٹ میں الوداعی سیریز ہے۔

پاکستان سپر لیگ میں مصباح الحق کی زیر قیادت کھیلنے والی اسلام آباد یونائیٹڈ کے ہیڈ کوچ ڈین جونز نے کہا کہ انہوں نے آج تک مصباح الحق جیسا پرسکون اور تحمل مزاج کپتان نہیں دیکھا۔

انہوں نے کہا کہ میں نے اپنی پوری زندگی کرکٹ کے ساتھ گزاری، میں نے کئی کپتان دیکھے لیکن جب میں نے اسلام آباد یونائیٹڈ کی کوچنگ کی تو میں نے اندازہ لگایا کہ میں نے آج تک مصباح الحق جیسا تحمل مزاج کپتان نہیں دیکھا۔

اس موقع پر انہوں نے مثال دیتے ہوئے کہا کہ آپ نے ہمارا کوئٹہ کے خلاف میچ دیکھا ہو گا جس میں شاید آپ گھبرا جاتے لیکن ہم نے آخری دو اوورز میں نو رنز کا دفاع کیا۔ یہ خوش قسمتی نہیں بلکہ اس بات کی نشانی تھی کہ مصباح کو اپنے باؤلرز پر کس حد تک اعتماد اور یقین ہے۔

انہوں نے کہا کہ مصباح جانتے ہیں باؤلرز کا کس طرح استعمال کرنا ہے اور پاکستان سپر لیگ میں کئی مواقعوں پر انہوں نے ثابت کیا کہ وہ باؤلرز کیلئے بہترین کپتان ہیں۔

سابق آسٹریلین آل راؤنڈر نے کہا کہ پاکستان کو یقیناً مصباح کی کمی محسوس ہو گی لیکن اصل چیز ان کی میدان میں قیادت ہے جس کی پاکستان کو شدت سے کمی محسوس ہو گی۔

تبصرے (0) بند ہیں