پونے نے ممبئی کی لگاتار فتوحات کا سلسلہ توڑ دیا

24 اپريل 2017
رائزنگ پونے سپر جائنٹس کے کھلاڑی جوز بٹلر کو آؤٹ کرنے پر بین اسٹوکس کو مبارکباد دیتے ہوئے— فوٹو: اے ایف پی
رائزنگ پونے سپر جائنٹس کے کھلاڑی جوز بٹلر کو آؤٹ کرنے پر بین اسٹوکس کو مبارکباد دیتے ہوئے— فوٹو: اے ایف پی

انڈین پریمیئر لیگ میں رائزنگ پونے سپر جائنٹس نے بین اسٹوکس کی عمدہ باؤلنگ کی بدولت ممبئی کو شکست دے کر ان کی لگاتار فتوحات کا تسلسل بھی توڑ دیا۔

ممبئی کے وانکھیڈے اسٹیڈیم میں کھیلے گئے میچ میں ممبئی نے ٹاس جیت کر پہلے باؤلنگ کا فیصلہ کیا جو اس وقت غلط ثابت ہوا جب مہمان اوپنرز اجنکیا راہانے اور راہل ٹری پاتھی نے ٹیم کو 76 رنز کا عمدہ آغاز فراہم کیا۔

تاہم 38 رنز بنانے والے راہانے کے آؤٹ ہونے کے بعد پونے کی وکٹیں وقفت وقفے گرنا شروع ہو گئیں اور وہ اچھے آغاز کا فائدہ اٹھانے میں ناکام رہے۔

پونے ٹیم نے مقررہ اوورز میں 160 رنز کا مجموعہ بنایا، ٹری پاتھی 45 رنز بنا کر سب سے کامیاب بلے باز رہے جبکہ منوج تیواری 22 جبکہ بین اسٹوکس اور اسٹیون اسمتھ 17، 17 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔

جواب میں ممبئی کے اوپنرز نے بھی اپنی ٹیم کو 35 رنز کا مناسب آغاز فراہم کیا لیکن جوز بٹلر 17 رنز بنانے کے بعد بین اسٹوکس کو وکٹ دے بیٹھے۔

ممبئی کو اصل دھچکا وقت لگا جب ان فارم نتیش رانا اور پارتھیو پٹیل یکے بعد دیگرے آؤٹ ہو کر پویلین لوٹ گئے۔

تین وکٹیں گرنے کے بعد روہت شرما نے اپنی ٹیم کو ہدف تک رسائی دلانے کا بیڑا اٹھایا اور کارن شرما کے ساتھ مل کر اسکور کو 11 تک پہنچا دیا۔

روہت شرما نے 39 گیندوں پر تین چھکوں اور چھ چوکوں کی مدد سے 58 رنز کی عمدہ انگز کھیلی لیکن آخری اوور میں ان کی ہمت بھی جواب دے گئی اور آخری گیند پر ہربھجن سنگھ کے چھکے کے باوجود ان کی ٹیم تین رنز سے میچ ہار گئی۔

اس میچ میں شکست کے ساتھ ہی ممبئی کی لگاتار فتوحات کے سلسلہ بھی ٹوٹ گیا جس نے گزشتہ چھ میچوں میں فتح حاصل کی تھی۔

چار اوورز میں ایک میڈن سمیت 21 رنز کے عوض دو وکٹیں لینے پر بین استوکس کو میچ کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا۔

تبصرے (0) بند ہیں