'کرکٹ نہ کھیلتا، تو پی ٹی آئی نہ ہوتی'

اپ ڈیٹ 25 اپريل 2017
عمران خان  حیات آباد اسپورٹس کمپلیکس میں خطاب کرتے ہوئے —فوٹو: ڈان نیوز
عمران خان حیات آباد اسپورٹس کمپلیکس میں خطاب کرتے ہوئے —فوٹو: ڈان نیوز

پشاور: پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے چیئرمین عمران خان کا کہنا ہے کہ اگر وہ کرکٹ نہ کھیلتے اور شوکت خانم کینسر ہسپتال نہیں بناتے تو پاکستان تحریک انصاف بھی نہ ہوتی۔

حیات آباد اسپورٹس کمپلیکس میں خطاب کرتے ہوئے عمران خان نے پاکستانی کرکٹر یونس خان کو اپنے ٹسیٹ کیریئر میں 10 ہزار رنز مکمل کرنے کی مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ وہ پہلے پاکستانی کھلاڑی ہیں جنہوں نے ٹیسٹ کرکٹ میں 10 ہزار زنز مکمل کیے۔

انڈر 23 گیمز کی افتتاحی تقریب میں شریک نوجوانوں کو کھیلوں کی افادیت سے آگاہ کرتے ہوئے پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان کا کہنا تھا کہ میں اسپورٹس نہ کھیلتا تو آج یہاں نہ ہوتا۔

یہ بھی پڑھیں: عمران خان کا وزیراعظم سے استعفے کا مطالبہ

ان کا کہنا تھا کہ کھیل انسان کو جیتنا بھی سکھاتا ہے اور ہارنا بھی سکھاتا ہے، زندگی ایک مقابلے کا نام ہے، اور جو بہتر مقابلہ کرتا ہے وہی آگے بڑھتا ہے۔

عمران خان کا کہنا تھا کہ مقابلے کی خصوصیات یہ ہیں کہ جتنے آپ کے مقاصد اونچے ہوتے ہیں اتنی ہی محنت کرنی پڑتی ہے، زندگی میں کوئی شارٹ کٹ نہیں ہوتا اور جدوجہد کے دوران مشکل وقت کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔

چیئرمین تحریک انصاف نے کہا کہ چیمپئن وہ ہوتا ہے جو شکست کے بعد ہار نہیں مانتا۔

اپنے کھیل کے کیریئر میں کی گئی جدوجہد کو یاد کرتے ہوئے عمران خان کا کہنا تھا کہ پاکستانی ٹیم کا حصہ بننے، پاکستانی ٹیم کی کپتانی اور ورلڈ کپ جیتنے کے لیے بہت محنت کی۔

مزید پڑھیں: جارحانہ کرکٹ کھیلنی ہوگی، عمران خان

ان کا کہنا تھا کہ کرکٹ سے ہار جیت اور جدوجہد نہ سیکھی ہوتی تو شوکت خانم ہسپتال نہیں بنا سکتا تھا اور اگر میں نے کرکٹ نہ کھیلی ہوتی اور شوکت خانم ہسپتال بنانے کے لیے جدوجہد نہ کی ہوتی تو آج پاکستان تحریک انصاف بھی نہ ہوتی۔

ملک میں موجود بے پناہ ٹیلنٹ کے بارے میں بات کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ٹیلنٹ کو گراؤنڈ نہیں ملے گا وہ ضائع ہوجائے گا، 20 کروڑ آبادی کے ملک پاکستان میں 30-40 لاکھ آبادی کے ملک نیوزی لینڈ سے بھی کم تعداد میں گراؤنڈز موجود ہیں۔

انہوں نے خیبرپختونخوا حکومت کو صوبے میں 100 گراؤنڈز کی تعمیر کے منصوبے پر مبارکباد بھی پیش کی۔

تقریب میں موجود شرکاء کی جانب سے گو نواز گو کے بلند ہوتے نعروں پر عمران خان کا کہنا تھا کہ گو نواز گو کا ترانہ جمعے کو دیکھیں گے۔


ضرور پڑھیں

تبصرے (0) بند ہیں