ویسے تو عمر کی سنچری کرنے والے افراد بہت کم ہوتے ہیں مگر اس عمر میں یوٹیوب اسٹار بننا کوئی آسان کام نہیں تاہم بھارت سے تعلق رکھنے والی ایک بزرگ خاتون نے یہ کارنامہ سرانجام دیا ہے۔

ریاست آندھرا پردیش سے تعلق رکھنے والی 106 سالہ خاتون دنیا کی معمر ترین یوٹیوب صارف ہیں اور انہیں دنیا بھر میں شہرت حاصل ہے۔

مستان اماں نامی یہ خاتون یوٹیوب پر اپنے کھانا پکانے کی صلاحیت کی بناءپر شہرت حاصل کرنے میں کامیاب ہوئیں۔

انٹرنیٹ پر گرینی کے نام سے معروف یہ خاتون آندھرا پردیش کے مقامی کھانوں کو تیار کرتی ہیں جو ان کے یوٹیوب چینیل 'کنٹری فوڈز' پر لاکھوں افراد دیکھتے ہیں۔

یہ یوٹیوب چینیل اس خاتون کے پوتے کے کنٹرول میں ہے اور اس کے سبسکرائبرز کی تعداد لگ بھگ ڈھائی لاکھ کے قریب ہے۔

ایک سو چھ سالہ خاتون کھانے کے لیے تازہ اجزاءکا استعمال کرتی ہیں اور ان کا سب سے مقبول پکوان انڈا ڈوسا ہے۔

اس عمر میں بھی وہ بیشتر نوجوانوں سے زیادہ ایکٹو ہیں اور کھانے پکانے کے لیے وہ اپنے بیٹے یا بہو کی مدد بھی نہیں لیتیں بلکہ پورے گاﺅں کی تواضع خود کرتی ہیں۔

تبصرے (0) بند ہیں