گلیکسی ایس 8 کی اسکرین 'بہت کمزور'

25 اپريل 2017
— فوٹو بشکریہ سام سنگ
— فوٹو بشکریہ سام سنگ

سام سنگ کا نیا فلیگ شپ فون گلیکسی ایس 8 کا ڈیزائن بہت زیادہ سراہا جارہا ہے مگر وہ بہت جلد ٹوٹ بھی سکتا ہے۔

یہ دعویٰ ڈیوائسز کی مرمت کرنے والی ایک کمپنی اسکوائر ٹریڈ کی جانب سے مختلف ٹیسٹوں کے بعد کیا گیا ہے۔

گلیکسی ایس ایٹ اور ایس ایٹ پلس کا آل گلاس ڈیزائن ان ڈیوائسز کو خوبصورت تو بناتا ہے مگر کمپنی کے مطابق ' وہ کسی بھی زاویے سے گرنے پر بہت جلد ٹوٹ بھی سکتا ہے'۔

سام سنگ نے اس حوالے سے کوئی بیان جاری نہیں کیا۔

گلیکسی ایس ایٹ کو ماہرین کی جانب سے کافی سراہا جارہا ہے اور سام سنگ کے مطابق اس فون کے ایڈوانس آرڈرز گزشتہ سال کے گلیکسی ایس سیون کے مقابلے میں تیس فیصد زیادہ رہے۔

اس فون کی قیمت 750 ڈالرز سے شروع ہوتی ہے جو کہ ایس سیون سے سو ڈالرز زیادہ ہے۔

اسکوائر ٹریڈ کے مطابق ایس ایٹ اور ایس ایٹ پلس دونوں کی اسکرین پر کریکس اس وقت نمودار ہوگئے جب انہیں ایک بار چھ فٹ کی بلندی سے اسکرین کا منہ فرش کی جانب کرکے گرایا گیا۔

ان فونز کو بیک اور اطراف سے گرانے پر بھی یہی مسئلہ سامنے آیا۔

تاہم یہ دونوں فونز پانی میں گرائے جانے کے ٹیسٹ میں زبردست رہے جس کی وجہ ان میں موجود واٹر ریزیزٹنس کا فیچر ہے۔

ضرور پڑھیں

تبصرے (0) بند ہیں