یاسر کی شاندار باؤلنگ: پہلے ٹیسٹ میچ میں پاکستان فتحیاب

اپ ڈیٹ 25 اپريل 2017
یاسر شاہ نے میچ میں آٹھ وکٹیں حاصل کیں— فوٹو: اے ایف پی
یاسر شاہ نے میچ میں آٹھ وکٹیں حاصل کیں— فوٹو: اے ایف پی

یاسر شاہ کی فتح گر کارکردگی کی بدولت پاکستان نے ویسٹ انڈیز کو پہلے ٹیسٹ میچ میں سات وکٹ سے شکست دے کر سیریز میں 1-0 کی برتری حاصل کر لی۔

جمیکا میں کھیلے جا رہے میچ کے پانچویں دن ویسٹ انڈیز نے اپنی دوسری نامکمل اننگز شروع کی تو وہ 93 رنز پر چار وکٹیں گنوا کر مشکلات سے دوچار تھی۔

ایک نئی صبح بھی ویسٹ انڈین ٹیم کے حالات نہ بدل سکی اور عامر نے وشال سنگھ کو آؤٹ کر کے پاکستان کو پہلی کامیابی دلائی۔

نائٹ واچ مین دویندرا بشو نے متاثر کن بیٹنگ کرتے ہوئے پاکستانی باؤلرز کا ڈٹ کر سامنا کیا لیکن پہلا میچ کھیلنے والے محمد عباس نے 60 گیندیں کھیلنے والے اسپنرز کی اننگز تمام کرنے کے ساتھ ساتھ ایک گیند بعد ہی شین ڈاؤرچ کو بھی پویلین واپسی پر مجبور کردیا۔

وہاب ریاض نے بھی ساتھی کھلاڑیوں کا ہاتھ بٹاتے ہوئے جیسن ہولڈر کو پویلین رخصت کیا جس کے بعد یاسر شاہ نے آخری دونوں ویسٹ انڈین وکٹیں حاصل کر کے میزبان ٹیم کی بساط 152 رنز پر لپیٹ دی۔

پاکستان کی جانب سے یاسر شاہ چھ وکٹیں حاصل کر کے سب سے کامیاب باؤلر رہے جبکہ محمد عباس نے دو وکٹیں حاصل کیں۔

پاکستان نے 32 رنز کا تعاقب شروع کیا تو سات کے مجموعے پر دونوں اوپنرز احمد شہزاد اور اظہر علی پویلین لوٹ گئے۔

یونس خان اور بابر اعظم نے اسکور کو 24 تک پہنچایا لیکن اسی مجموعے پر تجربہ کار بلے باز وکتوں کے سامنے پیڈ لانے کے جرم کی پاداش میں آؤٹ قرار دیے گئے۔

اس کے بعد کپتان مصباح الحق کی وکٹ پر آمد ہوئی جنہوں نے لگاتار دو چھکے لگا کر ٹیم کو میچ میں سات وکٹ سے فتح دلانے کے ساتھ ساتھ سیریز میں بھی 1-0 کی برتری دلا دی۔

یاسر شاہ کو میچ میں آٹھ وکٹیں لینے پر مین آف دی میچ کا ایوارڈ دیا گیا۔

یاد رہے کہ ویسٹ انڈین ٹیم نے پہلی اننگز میں 286 رنز بنائے تھے جس کے بعد پاکستان نے مصباح الحق کے ناقابل شکست 99 رنز کی بدولت 407 رنز بنا کر قیمتی 121 رنز کی برتری حاصل کی تھی۔

ضرور پڑھیں

تبصرے (0) بند ہیں