ویسے تو موسم گرم ہو تو ہر ایک کو ہی گرمی لگتی ہے مگر کچھ افراد ایسے ہوتے ہیں جو اس کی شکایت بہت زیادہ کرتے ہیں یا درجہ حرارت انہیں دیگر افراد کے مقابلے میں زیادہ محسوس ہوتا ہے۔

تو اس کی وجہ کیا ہے ؟ کیا یہ کسی بیماری کا نتیجہ ہوتا ہے؟

اس کا جواب طبی سائنس نے دیا ہے جو کہ کافی چونکا دینے والا ہے۔

طبی ماہرین کے مطابق دماغ کا ایک حصہ hypothalamus ہارمونز بنانے کے ساتھ ساتھ جسم کے اندرونی درجہ حرارت کو بھی کنٹرول کرتا ہے جو کہ جسمانی درجہ حرارت 98.6 ڈگری رکھنے میں مدد دیتا ہے۔

اس کے ریسیپٹر جلد میں کمرے کا درجہ حرارت جاننے میں مدد دیتے ہیں اور جلد میں دو ڈگری درجہ حرارت کا معمولی اضافہ بھی جلد پکڑ لیتی ہے اور آپ فرق محسوس کرنے لگتے ہیں۔

تو جن لوگوں کو بہت زیادہ گرمی لگتی ہے اس کی چند وجوہات بھی ہوتی ہیں جو کہ جسمانی چربی کی سطح سے ہٹ کر ہیں (جسمانی چربی بھی اس میں کردار ادا کرتی ہے)۔

تناﺅ کی سطح میں اضافہ

جیسا بتایا جاچکا ہے کہ hypothalamus جسمانی درجہ حرارت کو کنٹرول کرنے کا کام کرتا ہے مگر تناﺅ اس کی صلاحیت کو متاثر کتا ہے۔ طبی ماہرین کے مطابق اگر آپ کو کسی سرد کمرے میں مسلسل گرمی لگ رہی ہے تو یہ کسی ذہنی تناﺅ کا نتیجہ ہوسکتا ہے۔ ایک تحقیق کے مطابق اگر آپ کو تناﺅ کا شکار ہوں تو خودکار اعصابی نظام حرکت میں آجاتا ہے جس کے نتیجے میں جسم کے اہم اعضاءمیں خون کی گردش بڑھ جاتی ہے جس سے جسمانی درجہ حرارت بڑھ جاتا ہے، اس وقت ہوسکتا ہے کہ آپ کے ہاتھ تو ٹھنڈے ہو مگر پھر بھی گرمی لگ رہی ہو۔

جنس

ایک تحقیق کے مطابق خواتین کے مقابلے میں مردوں کا جسمانی درجہ حرارت زیادہ ہوتا ہے مگر خواتین ارگرد موجود درجہ حرارت کے حوالے سے زیادہ حساس ہوتی ہیں، جس کی وجہ ان کا مردوں کے مقابلے میں جسمانی طور پر چھوٹا ہونا ہے۔

دماغی دھوکا

یقیناً اوپر دیئے گئے عناصر بھی گرمی لگنے کے احساس میں کردار ادا کرتے ہیں مگر کئی بار یہ محض دماغ کا دھوکا ہوتا ہے۔ یعنی آپ کو گرمی لگ رہی ہے جبکہ کمرے کا درجہ حرارت مناسب ہے تو یہ ذہن کی کارستانی ہوتی ہے۔ ماہرین کے مطابق یہ نفسیاتی پہلو ہے کیونکہ کہیں بھی سب کی جذباتی سطح ایک جیسی نہیں ہوتی تو لہذا ان کے موسم کو محسوس کرنے کا احساس بھی مختلف ہوتا ہے۔

یعنی یہ کہنا غلط نہیں ہوگا کہ یہ احساس کسی بیماری کا نتیجہ نہیں ہوتا، تو اگر آپ کو زیادہ گرمی لگتی ہے تو فکرمند ہونے کی ضرورت نہیں۔

ضرور پڑھیں

تبصرے (0) بند ہیں