بھارتی ریاست اترپردیش میں بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) کی حکومت نے جمعۃ الوداع اور عید میلادالنبیؐ سمیت سالانہ 15 عام تعطیلات کو ختم کرنے کا اعلان کردیا۔

وزیر اعلیٰ اترپردیش یوگی آدتیہ ناتھ کے دفتر کی جانب سے کی گئی ٹوئٹس کے مطابق ’سالانہ تعطیلات میں سے 15 ختم کرنے کی تجویز دی گئی تھی جسے منظور کرلیا گیا، جبکہ ریاستی حکومت کا یہ فیصلہ 2017 سے ہی نافذالعمل ہوگا۔

برطانوی نشریاتی ادارے ’بی بی سی‘ کی رپورٹ کے مطابق منسوخ کی جانے والی عام تعطیلات میں جمعۃ الوداع، عید میلادالنبیؐ اور مہارشی بالمیکی جینتی جیسی اہم تعطیلات بھی شامل ہیں۔

اس کے علاوہ خواجہ معین الدین چشتی، چندر شیکھر، پرشورام، سردار ولبھ بھائی پٹیل اور چوہدری چرن سنگھ کی یوم پیدائش پر ہونے والی تعطیلات کو بھی ختم کیا جا رہا ہے۔

وزیر اعلیٰ کے دفتر کی طرف سے ٹوئٹس کے ذریعے مزید کہا گیا کہ ’عظیم شخصیتوں کے یوم پیدائش کے موقع پر ریاست کے تمام تعلیمی اداروں میں ان کی شخصیت، كارناموں اور تحریک دینے والی تعلیمات کو موجودہ نوجوان نسل تک پہنچانے کے مقصد سے کم از کم ایک گھنٹے کی نشست منعقد کی جائے گی۔‘

واضح رہے کہ جن تعطیلات کو یوگی آدتیہ ناتھ حکومت نے رد کیا ہے ان میں سے زیادہ تر تعطیلات کو سابقہ اکھلیش یادو حکومت نے متعارف کرایا تھا۔

اس وقت اتر پردیش میں 42 سرکاری چھٹیاں ہیں جن میں سے 17 عظیم شخصیتوں کے اعزاز میں ہوتی ہیں۔

ضرور پڑھیں

تبصرے (1) بند ہیں

muhammad kashif munir Apr 26, 2017 09:03pm
well done guys Now think of 2 qoomi Nazria was very true