صبا قمر کا بولی وڈ ڈیبیو جلد ہونے والا ہے مگر انہیں پڑوسی ملک میں کام کیسے ملا؟

اس بات کا جواب صبا قمر کی بولی وڈ ڈیبیو فلم 'ہندی میڈیم' کے ڈائریکٹر نے ایک انٹرویو کے دوران دیا۔

دکن کرانیکل کے مطابق ڈائریکٹر ساکٹ چوہدری نے انکشاف کیا کہ ابتدا میں انہوں نے آغاز میں صبا قمر کے بارے میں سوچا بھی نہیں تھا۔

انہوں نے بتایا ' جب ہم نے عرفان خان کو کاسٹ کرلیا تو ہم نے ہیروئین کی تلاش شروع کی، ایسا نہیں کہ صبا قمر ہی ہمارا اولین انتخاب تھیں، ہم نے دیگر اداکاراﺅں کے بارے میں سوچ بچار کیا تھا مگر یہاں کچھ مسائل کا سامنا تھا۔ جب میں نے اپنی فلم 'شادی کے سائیڈ ایفیکٹس' کے لیے اداکاراﺅں سے رابطے کیے تھے تو مجھے ایسی ہیروئین کو تلاش کرنے میں مشکل کا سامنا ہوا تھا جو آن اسکرین ماں کا کردار کرنے کے لیے تیار ہو، تو مجھے معلوم تھا کہ ہندی میڈیم کے لیے بھی یہ مسئلہ ہوگا'۔

انہوں نے مزید بتایا ' ہم نے ان کے بارے میں سوچا جنھیں کاسٹ کیا جاسکتا ہے اور اس وقت میں نے صبا کو کچھ پاکستانی ڈراموں میں دیکھا، میں جانتا تھا کہ وہ پنجابی لڑکی کے کردار میں فٹ رہیں گی اور انہیں کاسٹ کرنے کا فیصلہ کیا، اس وقت دونوں ممالک کے تعلقات کافی بہتر تھے'۔

اگرچہ صبا قمر ہندی میڈیم کی شوٹنگ مکمل کراچکی ہیں اور اب اس کی ریلیز کی تیاریاں ہورہی ہیں تاہم پاکستانی اداکارہ اس کے پروموشن کا حصہ نہیں بن سکتیں جس کی وجہ دونوں ممالک کے درمیان اس وقت موجود کشیدگی ہے۔

فلم ہندی میڈیم 12 مئی کو ریلیز کی جارہی ہے۔

تبصرے (0) بند ہیں