شان کے نئے اشتہار میں 'خاص بات' کیا ہے

اپ ڈیٹ 01 مئ 2017
یہ پہلا موقع نہیں ہے جب شان نے اپنے گھر سے دور موجود لوگوں کو کھانوں کے ذریعے قریب لانے کا تصور پیش کیا ہے۔
یہ پہلا موقع نہیں ہے جب شان نے اپنے گھر سے دور موجود لوگوں کو کھانوں کے ذریعے قریب لانے کا تصور پیش کیا ہے۔

اچھا اگر آپ میری طرح ہیں، تو شاید آپ بھی اپنے دوستوں سے مذاق کرتے ہوں کہ پاکستان میں چینیوں کی بڑی تعداد میں آمد کی وجہ سے شاید ہمیں بھی اب چینی زبان سیکھ لینی چاہیے۔

آپ جہاں بھی جائیں، چاہے وہ شاپنگ سینٹر ہو، پارک ہو، یا گلی کے نکڑ پر موجود جنرل اسٹور، اب وہاں آپ کو کوئی نہ کوئی چینی شخص نظر آنے کے کافی امکانات موجود ہیں۔

درحقیقت اس دفعہ دسمبر میں جب میں بنکاک سے کراچی آ رہی تھی، تو پرواز میں آدھے سے زیادہ مسافر تھائی نہیں بلکہ چینی تھے۔

تو ہاں، سی پیک پر کام تیزی سے جاری ہے اور اگر آپ یہ نہیں جانتے تو پھر آپ سے بڑا لاعلم کوئی نہیں۔ مگر پھر شان مصالحہ کو پتہ نہیں کیا سوجھی کہ انہوں نے ایک چینی خاتون کے اپنے لاہوری پڑوسیوں کے لیے بریانی بنانے پر اشتہار بنا دیا۔

سب سے پہلے تو آپ یہ بات جانتے ہیں کہ جب بڑی برانڈز کسی رجحان کا فائدہ اٹھانا چاہیں تو انہیں اس معاملے کو کافی سنجیدگی سے دیکھنا پڑتا ہے۔ مگر دلچسپ بات یہ ہے کہ اس اشتہار میں ایک غیر ملکی لڑکی پاکستان کے غذائی دار الحکومت لاہور میں پاکستانی کھانا بنا رہی ہے۔

ٹھہریے۔ یہ تو بہت ہی کوئی غیر معمولی بات ہے۔ ہم نے مانا کہ لاہوریوں کو اچھی بریانی بنانی نہیں آتی (لاہوری دوستوں سے معذرت)، مگر پھر بھی شان نے یہاں ایک خطرناک بازی کھیلی ہے، اور مجھے شک ہے کہ وہ اس میں کامیاب ہوں گے۔

اگر آپ نے اب تک یہ اشتہار نہیں دیکھا ہے تو ابھی دیکھ لیجیے۔

میں نے یہ اشتہار کئی دفعہ دیکھا ہے، اور مجھے یہ بہت پسند آیا۔ اپنے گھر والوں اور دوستوں سے دور رہنے پر احساسِ تنہائی، ایک نئے اور اجنبی ثقافت میں گھلنے ملنے اور ایک نئے طرزِ زندگی کو اپنانے میں موجود مشکلات، یہ سب باتیں بہت سے پردیسیوں کو مانوس سی لگیں گی۔

اس کے علاوہ یہ پہلا موقع نہیں ہے جب شان نے اپنے گھر سے دور موجود لوگوں کو کھانوں کے ذریعے قریب لانے کا تصور پیش کیا ہے۔ وہ دو بھائیوں والا اشتہار یاد ہے؟ ہم سب کو ہی وہ بہت پسند آیا تھا کیوں کہ اس میں یہ دکھایا گیا تھا کہ پاکستانیوں کو اپنے ملک سے دور رہ کر کیسا لگتا ہے۔

اور اس چینی خاتون کے اشتہار میں شان نے ایک دفعہ پھر وہی تصور ایک نئے زاویے سے پیش کیا ہے۔ چنانچہ میں یہ اشتہار بنانے والی ایڈورٹائزنگ ایجنسی اوگلیوی اینڈ میتھر کو پورے نمبر دوں گی۔

اس کے علاوہ مجھے اس اشتہار میں موجود باریکیوں کو دیکھ کر بھی بہت اچھا لگا۔ مثلاً چینی خاتون پچھلی سیٹ پر بیٹھ کر بھی سیٹ بیلٹ پہنے ہوئے ہیں، جبکہ ہم پاکستانی سامنے والی سیٹ پر بیٹھ کر بھی بیلٹ نہیں لگاتے، پچھلی سیٹ تو چھوڑ ہی دیں۔

اس کے علاوہ وہ اپنے فون پر کھانے کی ترکیب دیکھ رہی ہوتی ہیں۔ ہاں ہم سبھی یہ کرتے ہیں، مگر ٹیکنالوجی اور فونز سے محبت کافی حد تک ایک چینی اور جنوب مشرقی ایشیائی رجحان ہے، اور اسے بھی اشتہار میں کافی نفاست سے دکھایا گیا ہے۔ اور جب وہ چینی خاتون اپنے پڑوسیوں کے دروازے پر دستک دیتی ہیں تو ان کے چہرے پر جو تذبذب کے تاثرات نظر آئے، بھئی اداکاری ہو تو ایسی۔ مزہ آ گیا۔

لیکن جو چیزیں مجھے خاص پسند نہیں آئیں، وہ پاکستانی معاشرے کے بارے میں غیر ضروری 'کلیشے' ہیں۔ مثلاً گلی میں کرکٹ کا کھیلا جانا، سر پر دوپٹہ ڈالنا، اور یہ کہ پاکستانی خواتین اتنے چھوٹے دل کی مالک ہیں کہ صرف اچھا کھانا پکانے والوں کو ہی گلے سے لگاتی ہیں۔

اس کے علاوہ پاکستانی خواتین کا انتہائی والہانہ رویہ بھی مجھے پسند نہیں آیا۔ ہاں ہم مہمان نواز ہیں مگر یہاں خوشی کا اظہار کچھ اس قدر جوشیلے انداز میں دکھایا ہے جو کم از کم میرے ذوق سے تو مطابقت نہیں رکھتا۔

اگر برانڈ کی مشہوری کے زاویے سے بات کریں تو مجھے لگتا ہے کہ یہ شان کی جانب سے ایک زبردست پانسہ ہے۔ بین الاقوامی طور پر مانی جانے والی برانڈ کے لیے پاکستان میں چینیوں کی آمد کے حوالے سے اشتہار سازی کر کے برانڈ کو فائدہ پہنچانا قابلِ فہم ہے۔

اور جس طرح یہ اشتہار سوشل میڈیا پر وائرل ہو چکا ہے اور جس طرح اس پر ہر طرف گفتگو ہو رہی ہے اور 'میمز' بن رہے ہیں، اسے دیکھتے ہوئے میں یہی کہوں گی کہ شان نے بہترین شاٹ کھیلا ہے۔

پاک چین دوستی زندہ باد!

انگلش میں پڑھیں۔

ضرور پڑھیں

تبصرے (5) بند ہیں

Raja Bilal Apr 27, 2017 09:50am
Mosoofa ne teyan pancha hi alag kar dia hai ishtihaar ka :P
Safi Apr 27, 2017 03:29pm
اس کے علاوہ پاکستانی خواتین کا انتہائی والہانہ رویہ بھی مجھے پسند نہیں آیا۔ ہاں ہم مہمان نواز ہیں مگر یہاں خوشی کا اظہار کچھ اس قدر جوشیلے انداز میں دکھایا ہے جو کم از کم میرے ذوق سے تو مطابقت نہیں رکھتا۔ I watched this ad yesterday and also noticed the artifical acting of these pakistani women. Boht bura laga. Na mehman ko sahe tarh se receive keya aur na unhen k'hany ka zaoq tha.
Moin Apr 27, 2017 06:02pm
itna serious kyion lay rahay hain ...overall zabedast add hai dupata lena , road pay cricket khelna pakistani culture ko represent karta hai ...aur khanay kay baad welcome yea tu idea hai ... pehlay dono faslay pay thay lakin baad main aik jasay ho gay.... baqi har aik ka apna point of view.... main tu jaab be add dekha always makes me emotional
Ali Apr 27, 2017 11:37pm
If these companies can't shoot thier commerical in Pakistan than they should not sell their product in this country. Employing Indian actors for a Pakistani commerical is a stupid idea. I will not buy any product from a comany who doesn't hire Pakistani people.
نسیم ظہور Apr 29, 2017 06:14am
شان نے اشتہار انڈیا میں کیوں بنایا؟کیا بھارتی اور چینی شان مصالحہ خریدیں گے؟چینی ایسٹ انڈیا کمپنی سے چھٹکارے میں نہ جانے کتنے برس لگیں گے۔