پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) نے پاکستان اور بنگلہ دیش کے مابین جولائی اور اگست میں ہونے والی کرکٹ سیریز کو منسوخ کردیا۔

شیڈول کے مطابق پاکستان کو چیمپیئنز ٹرافی کے فوراً بعد جولائی کے مہینے میں بنگلہ دیش کا دورہ کرنا تھا جہاں اسے حریف ٹیم کے خلاف 2 ٹیسٹ میچوں، 3 ایک روزہ میچوں اور 1 ٹی ٹوئنٹی پر مشتمل سریز کھیلنا تھی۔

بنگلہ دیش نے 2008 کے بعد سے اب تک پاکستان کا کوئی دورہ نہیں کیا، جبکہ پاکستان نے اس عرصے میں 2011 اور 2015 میں بنگلہ دیش کا دورہ کیا تھا۔

یہ بھی پڑھیں: سیریز سے انکار:بھارتی کرکٹ بورڈ کےخلاف قانونی چارہ جوئی کا فیصلہ

شہریار خان کا کہنا تھا کہ ہم نے بنگلہ دیش کو پاکستان میں 2 ٹی ٹوئنٹی میچوں پر مشتمل سیریز کھیلنے کی دعوت دی جسے بنگلہ دیش کرکٹ بورڈ نے مسترد کردیا۔

شہریار خان نے غیر ملکی خبر رساں ادارے کو بتایا کہ ہم نے بنگلہ دیش بورڈ کو آگاہ کیا تھا کہ ہم اس سال ان کی ٹیم کی میزبانی کر سکتے ہیں۔

ان کا مزید کہنا تھا کہ پاکستان کرکٹ ٹیم نے بنگلہ دیش کا دو متربہ دورہ کیا ہے جبکہ بنگلہ دیش نے جواب میں پاکستان کا ایک بھی دورہ نہیں کیا لہٰذا ہم نے دورہ بنگلہ دیش ملتوی کرنے کا فیصلہ کرلیا ہے اور اگلے سال کے لیے کسی دوسرے آپشن پر غور کیا جائے گا۔

مزید پڑھیں: بگ تھری کا خاتمہ: نیا مالیاتی ماڈل منظور

واضح رہے کہ دبئی میں آئی سی سی اجلاس کے دوران پاکستان نے بنگلہ دیش میں سیریز کھیلنے پر منافع شیئر کرنے یا پھر پاکستان میں کھیلنے کی شرط رکھی تھی، جسے بنگلہ دیش نے قبول نہیں کیا۔

خیال رہے کہ پی سی بی نے سیریز نہ کھیلنے پر بھارتی بورڈ کو بھی نوٹس دینے کی تیاری کرلی ہے۔

پی سی بی کے قانونی مشیر سلمان نصیر نے دو ہفتے قبل انگلینڈ میں جاکر کیس کی تیاری کی تھی جبکہ اگلے ہفتے بی سی سی آئی کو نوٹس بھجوایا جائے گا۔

یاد رہے کہ 2009 میں سری لنکن کرکٹ ٹیم پر ہونے والے حملے کے نتیجے میں کسی بھی ٹیسٹ ٹیم نے پاکستان کا طویل دورہ نہیں کیا۔

اس سانحے کے بعد سے پاکستان کرکٹ ٹیم اپنی ہوم تمام سیریز متحدہ عرب امارات میں کھیلنے پر مجبور ہے۔

تبصرے (0) بند ہیں