کوہلی، ڈی ویلیئرز کی بنگلور آئی پی ایل سے باہر

28 اپريل 2017
کرس گیل کو آؤٹ کرنے پر گجرات لائنز کے کھلاڑی اینڈریو ٹائی کو مبارکباد دے رہے ہیں— فوٹو: اے ایف پی
کرس گیل کو آؤٹ کرنے پر گجرات لائنز کے کھلاڑی اینڈریو ٹائی کو مبارکباد دے رہے ہیں— فوٹو: اے ایف پی

باؤلرز کی عمدہ کارکردگی کی بدولت گجرات لائنز نے رائل چیلنجرز بنگلور کو باآسانی سات وکٹ سے شکست دے کر ایونٹ سے باہر کردیا۔

گجرات لائنز نے بنگلور میں کھیلے گئے میچ میں میزبان ٹیم کو پہلے بیٹنگ کی دعوت دی اور فیصلہ بالکل درست ثابت ہوا۔

گزشتہ میچ میں بیٹنگ کی بدترین ناکامی کے بعد 49 رنز پر ڈھیر ہونے والے بنگلور کی بیٹنگ لائن دوسرے میچ میں بھی افرا تفریح کا شکار نظر آئی جس کا مہمان ٹیم نے بھرپور فائدہ اٹھایا۔

اوپنرز نے نسبتاً سست روی سے اننگز کا آغاز کیا اور پھر 22 کے مجموعے پر ویرات کوہلی، ٹریوس ہیڈ اور کرس گیل تینوں ہی پویلین لوٹ گئے۔

تین وکٹیں گرنے کے بعد ٹیم کی امیدوں کا محور اے بی ڈی ویلیئرز نے محتاط انداز اپنایا اور دوسرے اینڈ سے کیدر جادھو نے جارحانہ انداز اپناتے ہوئے اپنی ٹیم کو میچ میں واپس لانے کی کوشش لیکن 18 گیندوں پر 31 رنز بنانے کے بعد ایک غیر ذمے دارانہ شاٹ نے ان کی اننگز کا خاتمہ کردیا۔

ابھی ٹیم اس نقصان سے سنبھلی بھی نہ تھی کہ ڈی ویلیئرز نے بھی رن آؤٹ ہو کر واپسی کی راہ لی جس کے ساتھ ہی 60 رنز پر آدھی بنگلور کی ٹیم پویلین لوٹ چکی تھی۔

اس کے بعد پون نیگی نے 32 اور انکت چوہدری نے 15 رنز بنا کر اپنی ٹیم کو 132 کے معقول مجموعے تک رسائی۔

گجرات کی جانب سے اینڈریو ٹائی نے صرف 12 رنز کے عوض تین وکٹیں لیں جبکہ دو وکٹیں رویندرا جدیجا کے نام رہیں۔

یہ آئی پی ایل کی تاریخ میں پہلا موقع تھا کہ بنگلور کی ٹیم لگاتار دو میچوں میں آل آؤٹ ہوئی ہو۔

جواب میں گجرات کی ٹیم 23 رنز پر ہی دونوں اوپنرز ایشان کشن اور برینڈن میک کولم سے محروم ہو گئی جس کے بعد بنگلور کی میچ میں واپسی کی موہوم سی امید پیدا ہوئی لیکن ایرون فنچ کی تباہ کن بیٹنگ نے بنگلور کی میچ میں واپسی کے تمام دروازے بند کر دیے۔

تجربہ کار آسٹریلین بلے باز نے صرف 34 گیندوں پر چھ چھکوں اور پانچ چوکوں کی مدد سے 72 رنز کی شاندار اننگز کھیلنے کے ساتھ ساتھ کپتان سریش رائنا کے ساتھ 92 رن کی ساجھے داری قائم کی جس کی بدولت مہمان ٹیم نے 37 گیندوں قبل ہی تین وکٹ کے نقصان پر میچ میں کامیابی اپنے نام کر لی۔

اس کامیابی کے ساتھ ہی بنگلور کی ٹیم انڈین پریمیئر لیگ 2017 کے ایڈیشن سے باہر ہونے والی پہلی ٹیم بن گئی۔

اینڈریو ٹائی کو شاندار باؤلنگ پر میچ کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا۔

ضرور پڑھیں

تبصرے (0) بند ہیں