ونود کھنہ کا تعلق پشاور سے بھی تھا

اپ ڈیٹ 28 اپريل 2017
بولی وڈ کے نامور اداکار آنجہانی ونود کھنہ — فوٹو/ فائل
بولی وڈ کے نامور اداکار آنجہانی ونود کھنہ — فوٹو/ فائل

پشاور: بولی وڈ کے لیجنڈ اداکار آنجہانی ونود کھنہ کا تعلق پشاور سے بھی تھا۔

ونود کھنہ گذشتہ روز 70 برس کی عمر میں انتقال کر گئے تھے، وہ کینسر کے مرض میں مبتلا تھے۔

ونود کھنہ جانے مانے تاجر اور کانگریس پارٹی کے سابق وزیر مہر چاند کھنہ کے بیٹے تھے، پشاور سے تعلق رکھنے والے نامور فلم مؤرخ محمد ابراہیم ضیاء کے مطابق ونود کھنہ کی پیدائش پشاور کنٹونمنٹ کے قریب واقع علاقے سردار میں 6 اکتوبر 1946 کو ہوئی۔

محمد ابراہیم ضیاء نے بتایا کہ 2014 میں ایک وفد نے نامور اداکار دلیپ کمار سے ملاقات کے لیے ہندوستان کا دورہ کیا تھا جہاں ان کی ملاقات کھنہ سے ہوئی۔

ونود کھنہ نئی دہلی میں اپنی جائے پیدائش سے تعلق رکھنے والے افراد سے مل کر بےحد خوش ہوئے۔

انہوں نے مزید بتایا کہ ونود کھنہ کے والد مہر چاند کھنہ پشاور کے جانے مانے شخص تھے، وہ 1947 میں ہجرت کرکے بھارت منتقل ہوئے تھے، ہجرت کے وقت ونود کھنہ بہت چھوٹے تھے، اس کے باوجود انہیں پشاور سے محبت تھی۔

محمد ابراہیم ضیاء کے مطابق 1990 میں دبئی میں ہونے والی ایک تقریب کے دوران ونود کھنہ نے اسٹیج پر بڑے فخر سے اعلان کیا تھا کہ وہ ’پشاوری‘ ہیں۔

انہوں نے بتایا کہ ونود کھنہ کا آبائی گھر اب بھی موجود ہے جو اس وقت خیبر پختونخوا کی آل پاکستان ویمن ایسوسی ایشن کے زیر استعمال ہے۔

محمد ابراہیم ضیاء نے یاد کرتے ہوئے بتایا کہ ونود کھنہ سے ملاقات کے دوران وفد نے انہیں کئی تحفے پیش کیے جن میں پشاوری چپل اور ثقافتی لباس شامل تھے، انہوں نے یہ سب بڑی خوشی سے قبول کیا۔

محمد ابراہیم ضیاء نے اس دوران ونود کھنہ کو اپنی کتاب ’پشاور کے فنکار‘ بھی تحفے میں دی۔

یہ مضمون 28 اپریل 2017 کے ڈان میں شائع ہوا

تبصرے (0) بند ہیں