لاہور: پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کے چیئرمین شہریار خان کا کہنا ہے کہ بگ تھری میں سب سے زیادہ نقصان پاکستان کو ہوا، ہم نے بھارت سے سیریز کھیلنے کا معاہدہ کیا، لیکن اب تک کوئی سیریز نہیں ہوسکی۔

لاہور میں نیشنل کرکٹ اکیڈمی میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے شہریار خان نے کہا کہ پاکستان نے سب سے پہلے بگ تھری کی مخالفت کی تھی۔

چیئرمین کرکٹ بورڈ نے کہا کہ 'جب میں نے پی سی بی کا چارج سنبھالا تو اُس وقت بھارت، آسٹریلیا اور انگلینڈ انٹرنیشنل کرکٹ میں بہت سرگرم تھے'۔

شہریار خان نے بتایا کہ 'جب بھارتی کرکٹ بورڈ کے سابق چیئرمین ششانک منوہر کرکٹ کی عالمی تنظیم آئی سی سی کے چیئرمین بنے تو انہوں نے بگ تھری کی مخالفت کرتے ہوئے کہا تھا کہ یہ نظام غلط ہے اور ایسا نظام نہیں ہونا چاہیئے'۔

یہ بھی پڑھیں: سیریز سے انکار:بھارتی کرکٹ بورڈ کےخلاف قانونی چارہ جوئی کا فیصلہ

شہریار خان نے بتایا کہ ششانک منوہر کے اس اقدام کی وجہ سے انہیں بھارت میں شدید تنقید کا نشانہ بنایا گیا تاہم بگ تھری کو ختم کرنے میں ششانک منوہر کا سب سے زیادہ کردار ہے۔

شہریار خان نے ششانک منوہر کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ 'وہ ایک اصول پسند آدمی تھے لہٰذا میں بگ تھری کو ختم کرنے کے حق میں بولوں گا'۔

پریس کانفرنس میں ان کا یہ بھی کہنا تھا کہ 'دبئی میں ہونے والے اجلاس سے قبل بھارت نے دبے الفاظ میں خط کے ذریعے سب کو دھمکی دی کہ اگر بگ تھری کی مخالفت کی تو جوابی کارروائی کا حق رکھتے ہیں مگر کوئی دھمکی میں نہیں آیا'۔

پاکستان کرکٹ بورڈ کے چیئرمین شہریار خان نے قبل ازیں واضح کیا تھا کہ پاکستان نے 2014 میں ’بگ تھری‘ کے گورننس نظام کی اس شرط پر حمایت کی تھی کہ بھارت، 2015 سے 2023 کے درمیان پاکستان کے ساتھ 6 دوطرفہ سیریز کھیلے گا اور اس نے اس حوالے سے مفاہمتی یادداشت پر بھی دستخط کیے تھے۔

مزید پڑھیں: بگ تھری کا خاتمہ: نیا مالیاتی ماڈل منظور

یاد رہے کہ دبئی میں آئی سی سی کے پانچ روزہ اجلاس کے اختتام پر بگ تھری کے نظام کو ختم کرکے تنظیم کا نیا ترمیمی مالیاتی ماڈل منظور کیا گیا تھا، یہ ماڈل رواں برس جون میں آئی سی سی فل کونسل کے سامنے توثیق کے لیے پیش کیا جائے گا۔

بگ تھری کی اجارہ داری میں صرف 93 ملین ڈالرز حاصل ہورہے تھے، تاہم اس قانون میں تبدیلی کے بعد پاکستان کو 39 ملین ڈالرز کا فائدہ ہوگا۔

قبل ازیں پی سی بی کی ایگزیکٹو کمیٹی کے چیئرمین نجم سیٹھی نے پاکستان اور بھارت کے درمیان دوطرفہ کرکٹ سیریز سے متعلق اپنے ٹوئٹر پیغام میں کہا تھا کہ ’پی سی بی بھارتی کرکٹ بورڈ کو بتا چکا ہے کہ 2014 کے معاہدے کے تحت دوطرفہ سیریز کھیلنے سے انکار پر پاکستان کرکٹ بورڈ بی سی سی آئی کے خلاف قانونی چارہ جوئی کرے گا۔‘

تبصرے (1) بند ہیں

mUJAHID ALI Apr 28, 2017 03:23pm
Sorry sir but this hypocritic policy is destroying our nation