پاکستان کرکٹ بورڈ کی ایگزیکٹو کمیٹی کے چیئرمین نجم سیٹھی نے کہا ہے کہ ستمبر میں پاکستان آنے آئی سی سی ورلڈ الیون میں بہترین کھلاڑی شامل ہوں گے اور ہم نے کہا ہے کہ بہترین کھلاڑیوں پر مشتمل ٹیم بنائیں ورنہ عمران خان کہیں گے پھٹیچر ٹیم بھیج دی۔

یاد رہے کہ پاکستان میں انٹرنیشنل کرکٹ کی بحالی کی کوششوں کے طور پر انٹرنیشنل کرکٹ کونسل نے پاکستان میں ستمبر میں ورلڈ الیون بھیجنا کا اعلان کیا ہے جس میں موجودہ دور کے عالمی شہرت یافتہ بہترین کھلاڑی شامل ہوں گے۔

آئی سی سی کی میٹنگ سے واپس آنے والے نجم سیٹھی نے جمعے کو ایئرپورٹ پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ آئی سی سی سے میٹنگ کامیاب رہی جس میں بھارت کو زیادہ حصہ دینے کے بجائے فنڈز کی منصفانہ تقسیم پر بات ہوئی اور تمام اراکین نے اس سے اتفاق کیا۔

مزید پڑھیں: پی ایس ایل فائنل کے غیر ملکی کھلاڑی 'پھٹیچر' تھے: عمران خان

اس موقع پر انہوں نے ازراہ مذاق کہا کہ آئی سی سی سے کہہ دیا ہے کہ زبردست کھلاڑی بھیجیں، ایسی ٹیم نہ بھیجیں کہ عمران خان ”پھٹیچر“ کا خطاب دے دیں۔

یاد رہے کہ پاکستان سپر لیگ کے دوسرے ایڈیشن کے لاہور میں انعقاد کے مخالف عمران خان نے ایونٹ کے اختتام پر غیررسمی گفتگو کے دوران کہا تھا کہ پی ایس ایل فائنل کیلئے دو تین کھلاڑیوں نے نہیں آنا تھا، باقی جو 'پھٹیچر' کھلاڑی ہیں، انھوں نے تو ویسے بھی آ جانا تھا

تبصرے (0) بند ہیں