کوئٹہ: وفاقی تحقیقاتی ادارے (ایف آئی اے) نے غیر ملکیوں کو قومی شناختی کارڈ جاری کرنے کے الزام میں نادرا اہلکار اور 2 ایجنٹس کو گرفتار کرلیا۔

ڈپٹی ڈائریکٹر ایف آئی اے رضوان اسلم کے مطابق ایف ائی اے نے کوئٹہ کے علاقے کچلاک میں کارروائی کرتے ہوئے ایجنٹ گلزار کاکڑ کو گرفتار کیا۔

گلزار کاکڑ بلوچستان میں غیر ملکیوں کو قومی شناختی کارڈ کے اجرا کے لیے نادرا کے اہلکاروں کو رشوت دینے میں ملوث تھا۔

ان کا کہنا تھا کہ گلزار کاکڑ کی نشاندہی پر ایک اور ایجنٹ اور نادرا اہلکار آذان اختر کو بھی گرفتار کیا گیا۔

یہ بھی پڑھیں: 'کراچی میں 5 لاکھ جعلی شناختی کارڈز جاری نہیں ہوئے'

ملزمان کے قبضے سے قومی شناختی کارڈز کے جعلی اسٹیمپ اور دیگر دستاویزات بھی برآمد کیے گئے۔

رضوان اسلم کا کہنا تھا کہ ملزمان غیر ملکیوں، بالخصوص افغان مہاجرین کو سیکڑوں شناختی کارڈ جاری کرنے میں ملوث تھے، جبکہ اس حوالے سے مزید گرفتاریاں بھی متوقع ہیں۔

واضح رہے کہ نادرا اہلکاروں کی ملی بھگت سے بلوچستان میں افغان مہاجرین کو بڑی تعداد میں قومی شناختی کارڈ جاری کیے جاچکے ہیں۔

مزید پڑھیں: 6 ماہ میں تمام شناختی کارڈز کی تصدیق کا اعلان

حال ہی میں نادرا نے کوئٹہ اور صوبے کے دیگر مقامات میں ہزاروں مشتبہ شناختی کارڈز کو بلاک کردیا تھا۔

وزارت داخلہ غیر ملکیوں کو قومی شناختی کارڈ کے اجرا کے معاملے کی تحقیقات کے لیے انٹیلی جنس ایجنسیوں کے نمائندوں اور متعلقہ ڈپٹی کمشنرز پر مشتمل کمیٹی بھی تشکیل دے چکی ہے۔

ضرور پڑھیں

تبصرے (0) بند ہیں