پی ایس ایل کی چھٹی ٹیم کیلئے بولی، پانچ ناموں کا اعلان

28 اپريل 2017
پاکستان سپر لیگ کے پہلے اور دوسرے ایڈیشن کی کامیابی کے بعد چھٹی ٹیم کے اضافے کا فیصلہ کیا گیا— فائل فوٹو: اے ایف پی
پاکستان سپر لیگ کے پہلے اور دوسرے ایڈیشن کی کامیابی کے بعد چھٹی ٹیم کے اضافے کا فیصلہ کیا گیا— فائل فوٹو: اے ایف پی

پاکستان کرکٹ بورڈ نے پاکستان سپر لیگ(پی ایس ایل) کے تیسرے ایڈیشن میں چھٹی ٹیم خریدنے میں دلچسپی رکھنے والوں کیلئے بولی کا اعلان کردیا ہے۔

یاد رہے کہ رواں سال کے اوائل میں پی ایس ایل چیئرمین نجم سیٹھی نے ایونٹ کے 2018 کے ایڈیشن میں چھٹی ٹیم کے اضافے کا عندیہ دیا تھا۔

ومیسٹک کرکٹ میں کارکردگی اور صوبوں کی نمائندگی کی بنیاد پر پاکستان کرکٹ بورڈ نے پانچ ریجنز کے ناموں کا اعلان کیا ہے اور ان میں سے ایک کو پی ایس ایل فرنچائز کا درجہ دیا جائے گا۔

ان پانچ ریجنز میں فیصل آباد، حیدرآباد، ڈیرہ مراد جمالی، فاٹا اور ملتان کے نام شامل ہیں۔

پی سی بی کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا کہ صرف تکنیکی بنیادوں پر اہلیت پر پورا اترنے والی بولی کنندگان کو اس عمل میں شرکت کی اجازت ہو گی۔

پی سی بی میں چھٹی ٹیم میں اضافے کی تجویز مئی 2016 میں پیش کی گئی تھی لیکن پی سی بی اور پانچوں فرنچائز کے درمیان ہونے والے معاہدے کے سبب اس کو عملی جامع نہ پہنایا جا سکا۔

نجم سیٹھی نے کہا کہ پی ایس ایل نے توقعات سے بڑھ کر کامیابی حاصل کی اور توقعات سے بڑھ کر نفع حاصل کرنے کی بدولت یہ سرمایہ کاروں کیلئے بہت پرکشش بن گئی ہے۔

بولی کے عمل کا آغاز 30 مئی 2017 کو لاہور کی نیشنل کرکٹ اکیڈمی میں ہو گا۔

تبصرے (0) بند ہیں