’شادی اور بچے ایک ساتھ سنبھالنا مشکل تھا‘

اپ ڈیٹ 29 اپريل 2017
میکال ذوالفقار سابق اہلیہ اور بیٹیوں کے ساتھ —۔ فائل فوٹو
میکال ذوالفقار سابق اہلیہ اور بیٹیوں کے ساتھ —۔ فائل فوٹو

پاکستانی اداکار میکال ذوالفقار نے اپنی اہلیہ سے علیحدگی کا اعلان کیا تو ان کے مداحوں کا دل بھی ٹوٹ گیا، یہ طلاق کیوں ہوئی اس حوالے سے نہ تو میکال نے کوئی بیان جاری کیا اور نہ ہی ان کی اہلیہ سامنے آئیں۔

تاہم ایک ماہ کی خاموشی کے بعد میکال ذوالفقار کی اہلیہ سارہ نے آخر کار اپنا موقف سب کے سامنے پیش کردیا۔

اپنی فیس بک پوسٹ میں میکال کی سابق اہلیہ سارہ نے بتایا کہ ان کی طلاق کی خبر سامنے آنے کے بعد ان کو ڈھیروں پیغامات موصول ہوئے جن میں صرف سوالات ہی شامل تھے۔

ان سے پوچھا گیا کہ وہ اپنے کام کے ساتھ بچوں کی تربیت کیسے کریں گی، جس پر سارہ نے لکھا ’خواتین چاہے گھر پر کام کرتی ہوں یا دفتر میں وہ اپنے بچوں اور کام کو ذمہ داری سے پورا کرتی ہیں، ایک ماں کی ذمہ داری اس کے بچوں کے لیے تبدیل نہیں ہوتی چاہے وہ شادی شدہ ہو یا طلاق یافتہ‘۔

مزید پڑھیں: میکال ذوالفقار اور اہلیہ کے درمیان علیحدگی

سارہ نے اس پوسٹ میں یہ بھی بتایا کہ 'اب ان کی زندگی زیادہ آسان ہے، البتہ شادی شدہ زندگی ان کے لیے خاصی مشکل تھی'۔

انہوں نے مزید لکھا ’میری زندگی طلاق کے بعد تبدیل نہیں ہوئی، میں اب بھی اپنے بچوں اور گھر کی ذمہ داریاں پوری طرح ادا کررہی ہوں، اب شوہر کی ذمہ داری مجھ پر نہیں اس کا مطلب یہی ہے کہ مجھ پر پہلے سے کم ذمہ داریاں ہیں، شادی اور بچے ایک ساتھ سنبھالنا مشکل تھا‘۔

خیال رہے کہ میکال ذوالفقار نے ایک ماہ قبل فیس بک پر اپنی اہلیہ سے علیحدگی کا اعلان کیا تھا۔

میکال ذوالفقار کا کہنا تھا کہ 'میری 6 سالہ شادی اختتام پذیر ہوگئی ہے'۔

ضرور پڑھیں

تبصرے (0) بند ہیں