اسلام آباد: فیڈرل بورڈ آف ریونیو (ایف بی آر) نے ملک کے بیشتر شہروں میں کارروائی کرکے کروڑں کی تعداد میں سگریٹ برآمد کرلیں جن پر ٹیکس ادا نہیں کیا گیا تھا۔

ایف بی آر کی کارروائی کے بعد ایک چائے ساز کمپنی کا 10 کروڑ روپے ٹیکس چوری کا معاملہ بھی منظر عام پر آگیا۔

ایف بی آر کی جانب سے جمعہ (28 اپریل) کو جاری ہونے والے سرکاری اعلامیے میں بتایا گیا کہ چائے اور سگریٹ سازوں کی ٹیکس چوری کے خلاف کارروائی کا آغاز کردیا گیا ہے۔

ایف بی آر اِن لینڈ ریونیو ونگ کی ڈائریکٹوریٹ انٹیلی جنس اور انویسٹی گیشن ٹیم نے ملتان کے مختلف علاقوں میں گوداموں اور عمارتوں میں کارروائی کرتے ہوئے 20 لاکھ غیر ٹیکس شدہ سگریٹ برآمد کرکے اپنے قبضے میں لے لی۔

مزید پڑھیں: 'پاکستان 5 ہزار ارب روپے تک ٹیکس وصول کر سکتا ہے'

ان علاقوں میں لطف آباد، شاہ رکن عالم کالونی اور جنوبی بائی پاس روڈ شامل ہیں۔

دوسری جانب ڈائریکٹوریٹ حیدر آباد ایف بی آر نے کھپرو اور عمر کوٹ میں کارروائی کرتے ہوئے 25 لاکھ سیگریٹس برآمد کیں۔

ان تمام کارروائیوں کے دوران ایف ابی آر ٹیم کو فیڈرل ایکسائز ڈیوٹی اور سیلز ٹیکس یا پھر ان سگریٹس کی پیداوار کے کوئی بھی شواہد فراہم نہیں کیے۔

اعلامیے کے مطابق یہ کیسز ابھی زیر تفتیش ہیں اور ڈائریکٹوریٹ جنرل ان سگریٹ کی تجارت کی جگہ کا سراغ لگانے کی کوشش کر رہے ہیں۔

یہ بھی پڑھیں: ٹیکس نادہندگان کے شناختی کارڈز بلاک کرنے کی سفارش

اسی طرح بہاولپور میں بھی ایک چائے ساز کمپنی ٹیکس چوری کی مرتکب پائی گئی ہے، اس کمپنی کے ریکارڈ کی جانچ پڑتال کی گئی تو معلوم ہوا کہ یہ کمپنی 4 طریقوں سے ٹیکس چوری میں ملوث ہے۔

اس کمپنی نے شارٹ پیڈ سیلز ٹیکس کی مد میں 28 لاکھ 93 ہزار روپے کی چوری کی، سیلز ٹیکس کی عدم ادائیگی کی مد میں 25 لاکھ 85 ہزار، نا قابل قبول سیلز ٹیکس کا دعویٰ کرنے کی مد میں 1 کروڑ 7 لاکھ 98 ہزار جبکہ غیر قانونی اِن پٹ ٹیکس کی مد میں 4 کروڑ 92 لاکھ 7 ہزار روپے کی ٹیکس چوری کی۔

تمام جرمانہ اور ڈیفالٹ سرچارجز کا تخمیہ لگانے کے بعد اس کمپنی پر 10 کروڑ 5 لاکھ 13 ہزار روپے کے ٹیکس واجب الادا ہیں۔

تاہم ایف بی آر کا کہنا تھا کہ اس کمپنی نے قانونی کارروائی سے بچنے کے لیے تمام واجب الادا ٹیکس اور جرمانے ادا کرنے پر رضامند ظاہر کر دی ہے۔

ٹیکس ادا کرنے والی کمپنی 6 مختلف ٹیکس ادائیگی کے چالان کی مدد سے اپنے واجبات ادا کرے گی۔

یہ خبر 29 اپریل 2017 کے ڈان اخبار میں شائع ہوئی

تبصرے (1) بند ہیں

KHAN Apr 29, 2017 05:42pm
السلام علیکم: اگر کارروائی ایک ہی دن کرکے غیرملکی اسمگل شدہ سگریٹ برآمد کیے گئے تو ایف بی آر کو مبارکباد، اسی طرح ٹیکس چور چائے کمپنی کا نام بھی میڈیا کے ذریعے بتایا جائے ، محب وطن اس کا بائیکاٹ کرینگے۔ یا پھر اس سے ڈبل ٹیکس وصول کیا جائے۔ خیرخواہ