کلہاڑی سے بال کاٹنے والا منفرد حجام

اپ ڈیٹ 01 مئ 2017
روسی حجام ڈینیئل اسٹومن کلہاڑی سے بال کاٹتے ہوئے—۔ ویڈیو اسکرین گریب
روسی حجام ڈینیئل اسٹومن کلہاڑی سے بال کاٹتے ہوئے—۔ ویڈیو اسکرین گریب

بالوں کا اسٹائل انسان کی خوبصورتی کو ابھارنے میں اہم کردار ادا کرتا ہے، لہٰذا انسان اپنی زلفوں کو سنوانے کے لیے بہترین حجام کا انتخاب کرتا ہے جس کا زلفوں کو تراشنے کا انداز نہایت ہی نفیس ہو۔

لیکن ٹھہریئے! اگر آپ کو لگتا ہے کہ آپ کا حجام تھوڑی سختی کے ساتھ آپ کی زلفیں سنوارتا ہے تو اس کا مطلب یہ ہے کہ آپ روسی حجام ڈینیئل اسٹومن کے بارے میں نہیں جانتے۔

اوڈی سینٹرل کی رپورٹ کے مطابق روس سے تعلق رکھنے والے ڈینیئل اسٹومن بال کاٹنے کے لیے قینچی کا سہارا نہیں لیتے بلکہ اس کے لیے ایک تیز دھار کلہاڑی کا استعمال کرتے ہیں۔

ڈینیئل اپنے آپ کو دوسروں سے الگ پہچان دینا چاہتے تھے—۔ویڈیو اسکرین گریب
ڈینیئل اپنے آپ کو دوسروں سے الگ پہچان دینا چاہتے تھے—۔ویڈیو اسکرین گریب

دوسرے ہیئر اسٹائلسٹ کی طرح ڈینیئل بھی اپنے آپ کو دوسروں سے الگ پہچان دینا چاہتے تھے۔

ان کا کہنا ہے کہ وہ پرانی کہانیوں سے متاثر تھے جن میں یہ بتایا جاتا تھا کہ کس طرح زمانہ قدیم میں لوگ شیو کیا کرتے تھے۔

جس کے بعد انہوں نے ایک تیز دھار کلہاڑی سے بال تراشنے کا عملی تجربہ شروع کیا اور ابتداء میں انہوں نے ڈمی پر تجربات کیے۔

بعد ازاں انہوں نے خواتین کو کلہاڑی کے ذریعے اپنے ہیئر اسٹائل بنوانے کی پیشکش کی تو ان خواتین نے اس پیشکش کو قبول کر لیا۔

یہ بھی پڑھیں: آگ سے بال سنوارنے والا حجام

ان کا کہنا تھا، 'کلہاڑی نے تو ہر چیز ہی آسان کر دی ہے کیونکہ اس کے ایک وار سے اتنے بال کٹ جاتے ہیں جتنے دس مرتبہ قینچی کے استعمال سے بھی نہیں کٹتے'، ساتھ ہی انھوں نے کہا کہ بالوں کو خوبصورتی کے ساتھ کاٹنے کے لیے ضروری ہے کہ کلہاڑی کا بلیڈ غیر معمولی تیز ہو۔

ڈینیئل اسٹومن نے مقامی میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ وہ بال سنوارنے اور تراشنے کے روایتی طریقوں سے اُکتا گئے تھے لہٰذا اس میدان میں کچھ نیا کرنے کے لیے انہوں نے آنکھوں پر پٹی باندھ کر بال کاٹنے کا بھی تجربہ کیا، اس کے علاوہ انہوں نے دو قینچیوں کو ایک ساتھ ویلڈ کر کے بھی بال کاٹنے کا تجربہ کیا ہے۔

اس منفرد ہیئر ڈریسر کا کہنا تھا کہ کلہاڑی سے بال تراشنا ان کا سب سے منفرد کمال ہے۔

تبصرے (0) بند ہیں