اپر دیر: بس کھائی میں گرنے سے 14 افراد ہلاک

30 اپريل 2017
لوگوں نے اپنی مدد آپ کے تحت زخمیوں کو نکالا — اسکرین شاٹ
لوگوں نے اپنی مدد آپ کے تحت زخمیوں کو نکالا — اسکرین شاٹ

پاکستان کے صوبہ خیبر پختونخوا میں پیش آنے والے ٹریفک حادثے کے نتیجے میں 14 افراد ہلاک اور 9 زخمی ہوگئے۔

ایڈیشنل اسسٹنٹ کمشنر فہید اللہ خان نے تصدیق کی کہ حادثے میں 14 مسافر ہلاک اور 9 زخمی ہوئے۔

انہوں نے بتایا کہ مسافر وین راولپنڈی سے چترال جارہی تھی جب وہ لواری ٹاپ کے قریب آسمانی موڑ کے مقام پر کھائی میں جاگری۔

قبل ازیں امریکی خبر رساں ایجنسی ایسوسی ایٹڈ پریس نے اپنی رپورٹ میں ہلاکتوں کی تعداد 11 بتائی تھی جو بڑھ کر 14 ہوگئی ہے۔

یہ بھی پڑھیں: چترال: برفانی تودہ گرنے سے 14 افراد ہلاک

پولیس افسر اسماعیل خان نے اے پی کو بتایا کہ حادثے میں 9 افراد زخمی بھی ہوئے جنہیں قریبی ہسپتال منتقل کردیا گیا۔

انہوں نے بتایا مسافر کوچ وادی چترال کی جانب جارہی تھی جب اسے اپر دیر میں حادثہ پیش آیا۔

ان کا کہنا تھا کہ چونکہ علاقے میں گزشتہ چند دنوں سے بارش ہورہی ہے لہٰذا سڑکوں پر پانی کی وجہ سے پھسلن تھی جو ممکنہ طور پر حادثے کا سبب بنی۔

ریسکیو کے موثر انتظامات نہ ہونے کے باعث امدادی کارروائیوں میں مشکلات کا سامنا کرنا پڑا جبکہ لوگوں نے اپنی مدد آپ کے تحت لاشوں اور زخمیوں کو نکالا۔


تبصرے (0) بند ہیں