اسلام آباد: وفاقی حکومت نے اوگرا کی جانب سے کمی کی سفارش کے باوجود پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتیں برقرار رکھنے کا اعلان کردیا۔

وفاقی حکومت نے پیٹرول اور ہائی اسپیڈ ڈیزل کی فی لیٹر قیمت میں ایک ایک روپے کمی کا ریلیف عوام کو منتقل کرنے سے روک دیا۔

اوگرا نے یکم مئی سے پیٹرول اور ہائی اسپیڈ ڈیزل کی فی لیٹر قیمت میں ایک ایک روپے کمی کی سفارش کی تھی تاہم حکومت نے عوام کو ریلیف فراہم کرنے کی بجائے قیمتیں برقرار رکھنے کا اعلان کیا ہے۔

وزیر خزانہ اسحٰق ڈار نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں رد و بدل نے کرنے کا اعلان کیا۔

انہوں نے کہا کہ اوگرا نے مٹی کے تیل کی فی لیٹر قیمت میں 15 روپے اور لائٹ ڈیزل کی فی لیٹر قیمت میں 10 روپے اضافے کی سفارش کی تھی تاہم وزیر اعظم کی ہدایت پر مٹی کے تیل اور لائٹ ڈیزل کی قیمت میں اضافہ نہیں کیا جارہا۔

انہوں نے کہا کہ چونکہ مٹی کے تیل اور لائٹ ڈیزل کی قیمتوں میں اضافے کی سفارش مسترد کی گئی ہے اور اس کا بوجھ حکومت خود برداشت کرے گی لہٰذا پیٹرول اور ہائی اسپیڈ ڈیزل کی قیمتوں میں کمی بھی نہیں کی جارہی۔

یہ بھی پڑھیں: ڈیزل اور پیٹرول کی قیمت میں پھر اضافہ

انہوں نے بتایا کہ یکم مئی سے پیٹرول فی لیٹر 74 روپے، ہائی اسپیڈ ڈیزل 83 روپے، مٹی کا تیل اور لائٹ ڈیزل 44،44 روپے فی لیٹر میں دستیاب ہوگا۔

پٹرولیم مصنوعات کی نئی قیمتوں کا اطلاق 30 اپریل کی رات 12 بجے سے ہوگا۔

خیال رہے گزشتہ 3 ماہ سے مسلسل پیٹرولیم مصنوعات میں اضافہ ہو رہا ہے۔

دسمبر 2016 میں پیٹرول کی قیمت میں 2 روپے اضافے کا اعلان کیا گیا تھا، بعد ازاں جنوری 2017 میں پیٹرول کی فی لیٹر قیمت میں 2 روپے 25 پیسے، جبکہ ڈیزل کی قیمت 2 روپے 26 پیسے فی لیٹر بڑھائی گئی تھی جبکہ گزشتہ ماہ فروری 2017 میں پیٹرول کی قیمت میں 1 روپے 71 پیسے، ڈیزل کی قیمت میں 1 روپے 58 پیسے فی لیٹر اضافہ کیا گیا تھا۔


تبصرے (0) بند ہیں