راولپنڈی: پاک فوج کے سربراہ جنرل قمر جاوید باجوہ نے کہا ہے کہ بھارت کی جانب سے کشمیریوں پر کیا جانے والا ظلم ریاستی دہشت گردی ہے۔

آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے لائن آف کنٹرول (ایل او سی) کے مقام حاجی پیر سیکٹر کا دورہ کیا اور کشمریوں کے حق خودارادیت کی جدوجہد کی حمایت کا یقین دلایا۔

دورہ کے دوران آرمی چیف کو ہندوستان کی جانب سے کی جانے والی جنگ بندی کی خلاف ورزیوں اور پاکستانی افواج کی آپریشنل تیاریوں کے بارے میں بریفنگ دی گئی جس کے بعد آرمی چیف نے فوجی جوانوں کی آپریشنل تیاریوں اور بلند حوصلوں کی تعریف کی۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ ( آئی ایس پی آر) کی جانب سے جاری کیے جانے والے ایک بیان کے مطابق آرمی چیف نے اس موقع پر کہا کہ بھارت اپنے زیر انتظام کشمیر کے نہتے عوام پر جارحیت جاری رکھے ہوئے ہے اور ساتھ ساتھ ایل اوسی اور ورکنگ باؤنڈری سے متصل پاکستانی آبادی پر بھی گولہ باری کر رہا ہے۔

مزید پڑھیں: ہندوستانی فوج کے سابق سربراہ نئے پاکستانی آرمی چیف کے معترف

تاہم انہوں نے اس بات کو بھی باور کرایا کہ پاکستانی افواج اپنی اقدار کے مطابق اس جارحیت کا بھرپور جواب دیتی رہے گی۔

ان کا مزید کہنا تھا کہ بھارت نے کشمیر میں جو ظلم جاری رکھا ہوا ہے، یہ تمام معنوں میں ریاستی دہشت گردی ہے۔

کشمیریوں کے ساتھ سے یکجہتی کا اظہار کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ مقبوضہ کشمیر میں خاص طور پر بچوں اور عورتوں پر ہونے والا تشدد لائن آف کنٹرول کے دوسری جانب لوگوں کے جذبات کوابھارتا ہے جبکہ ایل او سی کے اس طرف کے لوگ اس بربریت سے کبھی لاتعلق نہیں ہوسکتے۔

پاک فوج کے سربراہ کا کہنا تھا کہ کشمیریوں کو بنا کسی خوف اور جبر کے جینے کا حق ہے۔

یہ بھی پڑھیں: ’لائن آف کنٹرول کی صورتحال ٹھیک ہوجائے گی‘

جنرل قمر باجوہ نے مزید بتایا کہ ہم کشمیریوں کے بنیادی انسانی حقوق اور حق خودارادیت کی کوششوں میں ہمیشہ حمایت جاری رکھیں گے۔

قبل ازیں کور کمانڈر راولپنڈی لیفٹیننٹ جنرل ندیم رضا اور جنرل آفیسر کمانڈنگ مری نے آرمی چیف کا استقبال کیا۔

یاد رہے کہ پاک فوج کی کمان سنبھالنے کے جنرل قمر باجوہ کا لائن آف کنٹرول کا یہ چوتھا دورہ ہے، اس سے قبل آرمی چیف نے 10 کورکا دورہکیا تھا اور لائن آف کنٹرول کے اگلے مورچوں پر تعینات افسران اور جوانوں سے ملاقاتیں کیں جس میں ان کا کہنا تھا کہ بھارتی جارحیت کا بنیادی مقصد مقبوضہ کشمیر میں جاری مظالم پر سے دنیا کی توجہ ہٹانا ہے۔

بعد ازاں پاک فوج کے سربراہ متے والا اور مناور سیکٹر جہاں پر جوانوں سے بات کرتے ہوئے انہوں کہا کہ بھارت کی جانب سے سیز فائر معاہدے کی خلاف ورزیاں سازش کے تحت کی جاتی ہیں۔

اور اس کے علاوہ پاک فوج کے سربراہ کیل سیکٹر اور شاردہ میں اگلے مورچوں کا دورہ بھی کر چکے ہیں، اپنے بیان میں ان کا کہنا تھا کہ آزاد جموں و کشمیر کے عوام بھارت کے زیر انتظام کشمیر میں بھارتی فوج کی ظلم و بربریت اور بھارتی ایجنڈے سے بخوبی آگاہ ہیں۔

تبصرے (0) بند ہیں