ایسا محسوس ہوتا ہے جیسے بولی وڈ اداکارہ کرینہ کپور خان پاکستانی فیشن سے بےحد متاثر ہیں۔

کرینہ کپور پاکستانی ڈیزائنر فراز منان کی ڈیزائن کردہ لان کی ماڈلنگ کرچکی ہیں اور ابھی تک وہ انہیں سپورٹ کرتی نظر بھی آتی ہیں، اور اب کرینہ کپور ایشیانا دبئی میگزین کے لیے کی گئی ایک شوٹ میں پاکستانی ڈیزائنر ٹینا درانی کے ملبوسات میں نظر آئیں۔

ٹینا درانی نے کرینہ کپور خان کے ساتھ شوٹ کے لیے خاص عروسی ملبوسات ڈیزائن کیے جن میں بولی وڈ اداکارہ نہایت خوبصورت نظر آئیں۔

مزید پڑھیں: پاکستانی ڈیزائنر اور بولی وڈ اداکارہ کی مضبوط دوستی

ڈان سے بات کرتے ہوئے ٹینا درانی کا کہنا تھا کہ وہ چاہتی تھیں کہ کرینہ کپور کے لُکس ان کے تمام جوڑوں میں ایک دوسرے سے الگ ہوں۔

انہوں نے کہا ’پہلے جوڑے کے لیے ہم نے سفید رنگ کا انتخاب کیا، اس روایتی عروسی جوڑے پر نہایت خوبصورت کام بھی کیا گیا‘۔

ڈیزائنر کے مطابق دوسرے جوڑے میں ویلوٹ کے کپڑے کا استعمال کیا گیا، جسے کرینہ کپور خان کا انداز ایک مہارانی جیسا نظر آیا۔

انہوں نے کہا کہ یہ تمام ملبوسات کراچی میں موجود ان کے برائیڈل اسٹوڈیو میں نمائش کے لیے پیش کیے گئے ہیں، اور ہر کوئی انہیں دیکھنے وہاں آسکتا ہے۔

کرینہ کے ساتھ کام کرنے کے موقع پر ان کا کہنا تھا کہ ’ہم عالمی سطح پر تعلقات جوڑنے کے لیے کئی لوگوں سے رابطے میں رہے اور عروسی ملبوسات کی پروموشن کے لیے ایشیانا ویڈنگ میگزین سے بہتر کوئی موقع نہیں تھا، اس کے بعد ہم کرینہ کپور کے ساتھ کام کر پائے، یہ کرینہ کے بیٹے کی پیدائش کے بعد ان کا پہلا فوٹو شوٹ تھا، اس شوٹ کو مکمل کرنے میں بہت محنت لگی‘۔

انہوں نے مزید کہا کہ ’کرینہ ایک سپر اسٹار ہیں، ان کے ساتھ کام کرنا بہترین تجربہ تھا‘۔

امید ہے کہ بولی وڈ کی دوسری اداکارائیں بھی پاکستانی ڈیزائنرز کے ساتھ کام کرنے میں کرینہ سے کچھ سیکھیں گی۔

ضرور پڑھیں

تبصرے (0) بند ہیں