ایچ ٹی سی یو 11: اس جیسا کوئی اور فون نہیں

16 مئ 2017
— فوٹو بشکریہ ایچ ٹی سی
— فوٹو بشکریہ ایچ ٹی سی

آپ کسی فون کی اسکرین کو چھوئے بغیر کیمرہ اوپن کرنا چاہتے ہیں ؟ اگر ہاں تو ایچ ٹی سی کے نئے فلیگ شپ فون میں یہ کام آپ کی مٹھی بھی کرسکے گی۔

جی ہاں ایچ ٹی سی نے اپنا نیا فلیگ شپ فون ایچ ٹی سی یو 11 متعارف کرا دیا ہے اور اس کا سب سے منفرد فیچر اسکوئز یا اپنی مٹھی کے دباﺅ سے اسے استعمال کرنا ہے۔

اس فون کے دونوں اطراف پریشر سینسیٹو سنسر موجود ہیں جو آپ کی گرفت کی مضبوطی کے مطابق وہ ایپ کھول دیں گے جو آپ پروگرام میں سیٹ کریں گے۔

مزید پڑھیں :ایچ ٹی سی کے 2 نئے اسمارٹ فونز متعارف

آسان الفاظ میں آپ کیمرہ اوپن کرسکتے ہیں، دوبارہ دبا کر تصویر لے سکتے ہیں، کچھ دیر تک دبا کر فلیش لائٹ اوپن یا بند کرسکتے ہیں، وائی فائی کو آن کرسکتے ہیں یا وائس ریکارڈنگ۔

یہ ایسا فیچر ہے جو فی الحال ایپل، سام سنگ یا ہیواوے سمیت کسی بھی دیگر اسمارٹ فون کمپنی کی ڈیوائسز میں دستیاب نہیں اور ایچ ٹی سی نے اسے ایچ سنس کا نام دیا ہے۔

اس فیچر کے ذریعے تائیوان سے تعلق رکھنے والی کمپنی سام سنگ، ایپل اور ایل جی وغیرہ کو اپنی مٹھی میں دبا دینا چاہتی ہے۔

اس سے ہٹ کر بھی یہ فون دیگر فیچرز کے حوالے سے بھی کسی سے کم نہیں۔

5.5 انچ کی کیو ایچ ڈی اسکرین جو کہ سام سنگ گلیکسی ایس ایٹ جیسے ریزولوشن کے ساتھ ہے جبکہ گلاس ڈیزائن آنکھوں کو بھاتا ہے۔

اس فون کو آپ پانی میں بھی استعمال کرسکتے ہیں یعنی واٹر ریزیزٹنٹ ہے جسے ایک میٹر گہرے پانی میں تیس منٹ تک رکھا جاسکتا ہے۔

یہ بھی پڑھیں : کیا یہ ہوگا سب سے منفرد اسمارٹ فون؟

اس میں بارہ میگا پکسل کا رئیر کیمرہ دیا گیا ہے جسے پہلے سے بہتر بنایا گیا ہے جس کے لیے ایف 1.7 آپرچر لینس دیئے گئے ہیں جو کہ تیز آٹو فوکس میں مدد دیتے ہیں، فرنٹ پر 16 میگا پکسل کیمرہ ہے جس میں ایف 2.0 لینس موجود ہے۔

اینڈرائیڈ نوگیٹ آپریٹ سسٹم، اوکٹا کور کوالکوم اسنیپ ڈراگون 835 پراسیسر، 64 سے 128 جی اسٹوریج جس میں ایس ڈی کارڈ سے اضافہ ممکن ہے، چار سے چھ جی بی ریم، تین ہزار ایم اے ایچ بیٹری، فنگر پرنٹ سنسر، یو ایس بی سی پورٹ کے ساتھ اسے چار رنگوں میں فروخت کے لیے پیش کیا جائے گا۔

اس کی قیمت 649 ڈالرز (68 ہزار پاکستانی روپے سے زائد) رکھی گئی ہے جو اگلے ماہ سے دستیاب ہوگا، جبکہ اس کے مقابلے میں سام سنگ کا گلیکسی ایس ایٹ 700 ڈالرز سے زائد جبکہ ایل جی جی سکس بھی لگ بھگ سام سنگ کی قیمت کا ہی ہے۔

ضرور پڑھیں

تبصرے (0) بند ہیں