کراچی: سندھ ریونیو بورڈ (ایس آر بی) نے نئے ٹیکس مراعتی پیکج کا اعلان کردیا جو ٹیکس دہندگان کو طے شدہ سرچارج پر 95 فیصد تک چھوٹ، جرمانے کی مکمل معافی اور گرفتاری اور پراسیکیوشن سے مستثنیٰ قرار دینے کی اجازت دیتا ہے۔

ٹیکس دہندگان کو یہ پیکج حاصل کرنے کے لیے طے شدہ وقت میں اپنے بقایا جات اور ڈیفالٹ سرچارج ادا کرنے ہوں گے۔

اس اسکیم کا آغاز 19 مئی سے ہوگا اور یہ 9 جون تک جاری رہے گی جسے حاصل کرنے کے لیے ایس آر بی نے سرمایہ کاروں کے لیے 3 ٹائم لائن مقرر کی ہیں۔

مزید ہڑھیں: ٹیکس نادہندگان کے شناختی کارڈز بلاک کرنے کی سفارش

ٹیکس کی رقوم اور ڈیفالٹ سرچارج ان ٹائم لائن کے تحت سندھ حکومت کے اکاؤنٹ نمبر B-02384 میں جمع ہوں گے۔

اس اسکیم کا اعلان ایس آر بی کی جانب سے 18 مئی کو جاری کیے جانے والے ایک اعلامیے میں کیا گیا جس کے مطابق جو ٹیکس دہند گان، سروس فراہم کرنے والے اور ودہولڈنگ ایجنٹ 19 مئی سے 25 مئی تک ٹیکس جمع کرواتے ہیں انہیں ڈیفالٹ سرچارج پر 95 فیصد تک چھوٹ مل جائے گی۔

اسی طرح ایسے ٹیکس دہندگان جو 26 مئی سے 2 جون تک اپنی ٹیکس کی رقم ادا کرتے ہیں، انہیں 90 فیصد تک چھوٹ مل جائے گی جبکہ وہ ٹیکس دہندگان جو اپنی ٹیکس کی رقم 3 جون سے 9 جون تک ادا کرتے ہیں تو انہیں 80 فیصد تک ڈیفالٹ سرچارج میں چھوٹ مل جائے گی۔

تاہم وہ تمام ٹیکس دہندگان اس ٹیکس مراعتی پیکج سے فائدہ اٹھاتے ہیں، انہیں جرمانے سے 100 فیصد نجات مل سکتی ہے۔

یہ بھی ہڑھیں: حکومت کا بجٹ میں سگریٹوں پر ٹیکس کم کرنے کا عندیہ

ماضی میں بھی ایس آر بی نے اسی طرح کی اسکیموں کا آغاز کیا تھا جس سے 50 کروڑ تک کا ٹیکس وصول کیا گیا تھا۔

اگر کسی بھی قسم کا ٹیکس واجب الادا نہیں ہے تو یہ اسکیم 90 فیصد تک جرمانے کی معافی اور 75 فیصد تک ڈیفالٹ سرچارج میں کمی کر سکتی ہے۔

ایس آر بی کو امید ہے کہ یہ اسکیم ٹیکس دہندگان کو ڈیفالٹ سرچارج اور جرمانے میں کمی کے ساتھ ساتھ قانونی چارہ جوئی کو کم کرنے میں مدد دے گی۔

سندھ ریونیو بورڈ کو اس اسکیم سے 1 ارب روپے تک کی ٹیکس وصولی کی امید ہے۔


یہ خبر 19 مئی 2017 کے ڈان اخبار میں شائع ہوئی

تبصرے (0) بند ہیں