ایجبسٹن: قومی ٹیم کے ہیڈ کوچ مکی آرتھر نے کہا ہے کہ یونس خان اور مصباح الحق کی ریٹائرمنٹ کے بعد ایک خلا پیدا ہو گا اور یہ نوجوانوں کے پاس نادر موقع ہے کہ وہ اس موقع سے فائدہ اٹھاتے ان دو کھلاڑیوں کا خلا پر کریں۔

پاکستان کرکٹ بورڈ کی جانب سے جاری ویڈیو میں مکی آرتھر نے کہا کہ مصباح اور یونس پاکستان ٹیم کیلئے بہترین لیڈر تھے لیکن اب ہمیں آگے بڑھنا ہے اور نوجوانوں کو یہ دیکھنا چاہیے کہ ٹیم میں دو کھلاڑیوں کی جگہ خالی ہے۔

انہوں نے کہا کہ یہ ٹیم کی ازسرنو تعمیر اور اسے دوبارہ بنانے کا بہترین موقع ہے اور مجھے امید ہے کہ مصباح اور یونس کے بعد نوجوان اس موقع سے فائدہ اٹھاتے ہوئے ان کا خلا پر کرنے کی کوشش کریں گے۔

انہوں نے کہا کہ ویسٹ انڈیز کے خلاف سیریز شاندار رہی جہاں چند نئے کھلاڑیوں نے اپنی عمدہ کارکردگی سے صلاحیتوں کا لوہا منوایا۔

مکی آرتھر نے کہا کہ ڈیبیو کرنے والے محمد عباس کی سیریز شاندار رہی، شاداب اور حسن علی نے بھی ٹیسٹ ڈیبیو کیا۔ ہمارے پاس متعدد نئے باصلاحیت کھلاڑی سامنے آئے ہیں جو پاکستان کرکٹ کیلئے خوش آئند امر ہے، ہمارے پاس بیٹنگ لائن میں دو جگہیں خالی ہیں اور اب یہ نوجوانوں پر ہے کہ وہ سامنے آئیں اور بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے اس خلا کو پر کر دیں۔

ون ڈے ٹیم کے بارے میں سوال پر ہیڈ کوچ نے کہا کہ پاکستان نے ون ڈے میں بہت سخت محنت کی اور ویسٹ انڈیز کے خلاف سیریز میں جدید دور کی کرکٹ کھیلی۔

انہوں نے کہا کہ ہم نے اس طرز کی کرکٹ کھیلی جو ہم کھیلنا چاہتے ہیں۔ ہم ڈاٹ گیندوں اور یارکرز سمیت ان تمام چیزوں پر کام کیا جو ہمارے لیے چیمپیئنز ٹرافی میں انتہائی اہمیت کی حامل ہوں گی۔

ضرور پڑھیں

تبصرے (0) بند ہیں