پھل اور سبزیاں فالج سے بچاؤ کے لیے مفید

19 مئ 2017
یہ بات امریکا میں ہونے والی ایک طبی تحقیق میں سامنے آئی— شٹر اسٹاک فوٹو
یہ بات امریکا میں ہونے والی ایک طبی تحقیق میں سامنے آئی— شٹر اسٹاک فوٹو

پھلوں اور سبزیوں کا زیادہ استعمال امراض قلب، فالج اور ٹانگوں کی شریانوں میں خون کے انجماد جیسے خطرات کم کرنے کے لیے فائدہ مند ہے۔

یہ بات امریکا میں ہونے والی ایک طبی تحقیق میں سامنے آئی۔

نیویارک یونیورسٹی کے اسکول آف میڈیسین کی تحقیق میں بتایا گیا کہ روزانہ پھلوں اور سبزی کے تین یا زیادہ ٹکڑوں کا استعمال خون کی شریانوں سے متعلق امراض کی روک تھام میں مدد دیتا ہے، جس سے امراض قلب اور فالج جیسے جان لیوا بیماریوں سے تحفظ ملتا ہے۔

مزید پڑھیں : فالج کی 5 خاموش علامات

تیس لاکھ سے زائد افراد کے ڈیٹا کا جائزہ لینے کے بعد معلوم ہوا کہ جو لوگ پھلوں اور سبزیوں کا استعمال زیادہ کرتے ہیں، ان میں جان لیوا امراض کا خطرہ 18 فیصد تک کم ہوجاتا ہے۔

محققین کا کہنا تھا کہ نتائج سے معلوم ہوتا ہے کہ پھلوں اور سبزیوں کا غذا میں زیادہ استعمال زندگی کے لیے خطرہ بننے والی امراض کے حوالے سے واضح مثبت اثرات مرتب کرتا ہے۔

اس سے پہلے گزشتہ سال ایک تحقیق میں یہ بات سامنے آئی تھی کہ پھلوں، سبزیوں اور کم چربی والی دودھ سے بنی مصنوعات خون میں یورک ایسڈ کی سطح میں نمایاں کمی لاکر جوڑوں کے امراض میں بہتری لاتے ہیں۔

خون میں یورک ایسڈ کی مقدار بڑھنا جوڑوں کے تکلیف دہ درد کا باعث بنتا ہے۔

یہ بھی پڑھیں : پھل اور سبزیاں جوڑوں کے امراض کے لیے مفید

اس تحقیق میں یورک ایسڈ کی سطح پر اثرات مرتب کرنے والی غذاﺅں پر تجربات کیے گئے اور پھلوں، سبزیوں اور ڈیری مصنوعات کو بہترین جبکہ جنک فوڈ اور کولیسٹرول کو تباہ کن قرار دیا گیا۔

تحقیق میں بتایا گیا کہ اجناس، چربی سے پاک گوشت، مچھلی، گریاں اور بیج وغیرہ بھی اس مرض کے خلاف مددگار ثابت ہوتے ہیں، تاہم پھل اور سبزیاں اس حوالے سے زیادہ موثر ثابت ہوتے ہیں۔

تبصرے (0) بند ہیں