عام طور پر ہاتھ کٹ جانے پر اسے جڑنا مشکل ہوتا ہے مگر برازیل میں ڈاکٹروں نے ایک شخص کو معذور ہونے سے بچانے کے لیے حیران کن تیکنیک کو آزمایا۔

جنوبی برازیل کے علاقے اورلینز میں مقیم 42 سالہ کارلوس ماریوٹی کے بائیں ہاتھ کی پوری کھال گزشتہ سال دفتر میں ایک حادثے کے باعث چھل گئی تھی۔

ڈاکٹروں نے اسے معذوری سے بچانے کے لیے وہ ہاتھ پیٹ کے اندر ڈال کر سی دیا تاکہ جلد دوبارہ ابھر سکے اور مریض ہاتھ سے محروم نہ ہو۔

مزید پڑھیں : چین میں ہاتھ کی پیوندکاری کا تجربہ کامیاب

اب ایک سال بعد آخرکار اس طریقہ کار میں ڈاکٹروں کو کامیابی حاصل ہوئی ہے اور مریض کا کہنا ہے کہ توقع ہے کہ ایک دن اس کی انگلیاں بھی واپس آجائیں گی۔

ایک انٹرویو کے دوران انہوں نے بتایا کہ اب وہ اپنے ٹوتھ برش کو پکڑنے اور موبائل فون پر بات کرنے کے قابل ہوگئے ہیں جن کے بارے میں ان کا خیال تھا وہ کبھی دوبارہ نہیں کرسکیں گے۔

اس کام کے لیے انہیں کئی ماہ تک مشق کرنا پڑی تھی کیونکہ علاج کے بعد ان کا ہاتھ کسی باکسنگ گلو کی طرح پھول گیا تھا جبکہ ان کا انگوٹھا اور چاروں انگلیاں چھپی ہوئی ہیں۔

یہ بھی پڑھیں : طبی تاریخ کے سب سے پُراسرار کیسز

اس انوکھے آپریشن کو کرنے والے ڈاکٹر بورس برنانڈو نے بتایا کہ کارلوس ایسی انجری کا شکار ہوا تھا جس کے باعث اس کی ہتھیلی اور ہاتھ کے پشت پر کھال ختم ہوگئی تھی جس سے ہڈیاں اور رگیں نظر آنا شروع ہوگئی تھیں۔

فوٹو بشکریہ ڈیلی انڈیپینڈنٹ
فوٹو بشکریہ ڈیلی انڈیپینڈنٹ

ان کا کہنا تھا کہ یہ بہت بڑی انجری ہے اور ہمیں اس کی بحالی کے لیے واحد طریقہ اسے پیٹ میں ڈال دینا نظر آیا کیونکہ باہر رہنے کی صورت میں انفیکشن کا خطرہ تھا جس کے باعث ہاتھ کاٹنا پڑتا۔

کالوس خود کو ایک خوش قسمت شخص سمجھتے ہیں ' میں اب بھی حادثے کے بارے میں سوج کر جذباتی ہوجاتا ہوں مگر جب ڈاکٹروں نے مجھے ہاتھ کی محرومی کے بارے میں بتایا اس وقت مجھے اس کی سنگینی کا احساس ہوا'۔

پہلے آپریشن کے دوران ان کا ہاتھ پیٹ کے اندر ایسے سی دی گیا جیسے جیب میں ڈال رکھا ہو اور ڈاکٹروں کی ہدایت تھی کہ اسے آہستگی سے حرکت دیے رہیں تاکہ وہ اکڑ نہ جائے۔

فوٹو بشکریہ ڈیلی انڈیپینڈنٹ
فوٹو بشکریہ ڈیلی انڈیپینڈنٹ

کارلوس کا کہنا تھا کہ اپنے جسم کے اندر انگلیوں کو حرکت دینا بہت عجیب اور خوفناک لگتا تھا مگر یہ طریقہ کار کامیاب رہا۔

اس کے بعد ان کے دو مزید آپریشن کیے گئے جس کے بعد اب ہاتھ کی حالت پہلے سے بہتر ہے جبکہ اب ڈاکٹر ان کا ایک اور آپریشن کریں گے جس میں ہاتھ کے ابھرے ہوئے گوشت کو کاٹ کر انگلیوں کو باہر لایا جائے گا۔

تبصرے (1) بند ہیں

amirzaib totakhail May 23, 2017 11:56am
ye to apne mulk pakistan main bhi hota tha our hai is main nayi cheez kia hai shahed main samj nahi sakta to kia batana pasand karen gay