گوگل کمپیوٹر نے انسان کو شکست دے دی

اپ ڈیٹ 23 مئ 2017
چینی کھلاڑی کمپیوٹر کی 24 چالوں کو سمجھنے میں ناکام ہوا—فوٹو: اے پی
چینی کھلاڑی کمپیوٹر کی 24 چالوں کو سمجھنے میں ناکام ہوا—فوٹو: اے پی

ووزن: گوگل کی جانب سے تیار کردہ ایلفا گو نامی مصنوعی ذہانت والے کمپیوٹر نے حیران کن طور پر ’گو‘ کھیل میں دنیا کے سب سے بہترین کھلاڑی کو شکست دے دی۔

اس سے پہلے گوگل کے اسی کمپیوٹر نے گزشتہ برس جنوبی کوریا کے کھلاڑی کو بھی اسی گیم میں شکست دی تھی، جب کہ 2015 میں ایلفا انسانوں سے جیت نہیں پایا تھا۔

’گو‘ کھیل کا شمار چین کے قدیم ترین کھیلوں میں ہوتا ہے، جسے مشکل ترین کھیل بھی سمجھا جاتا ہے۔

یہ بھی پڑھیں: وہ سب کچھ جو گوگل آپ کے بارے میں جانتا ہے

یہ کھیل شطرنج کی مانند ایک بساط پر کھیلا جاتا ہے، اس کھیل میں 2 کھلاڑی آمنے سامنے ہوتے ہیں، اور دونوں اپنے منتخب کردہ رنگوں پر پتھر یا سنگ مر مر کے ٹکڑے رکھ کر بازی کھیلتے ہیں۔

گوگل کی مشین اور انسان کے درمیان 3 میچ کھیلے جائیں گے—فوٹو: اے پی
گوگل کی مشین اور انسان کے درمیان 3 میچ کھیلے جائیں گے—فوٹو: اے پی

یہ کھیل زیادہ تر چین، جاپان، کوریا، تھائی لینڈ اور ان کے قریبی ممالک میں کھیلا جاتا ہے، مگر اس کھیل کے کھلاڑی دنیا بھر میں موجود ہیں، اور ہر سال اس کھیل کی عالمی مقابلے بھی منعقد ہوتے ہیں، جس میں دنیا بھر سے کھلاڑی شرکت کرتے ہیں۔

اس بار گوگل کے تیار کردہ ایلفاگو نامی کھلاڑی کمپیوٹر نے چین کے جس 19 سالہ کھلاڑی کو پہلی میچ میں شکست دی، وہ اس وقت گو کھیل کا عالمی چیمپئن ہے۔

ایلفا گو اور چین کے کی جی کے درمیان 3 میچوں کی سیریز ہوگی، مگر کمپیوٹر نے پہلے ہی میچ میں انسان کو شکست دے کر دنیا بھر کو حیران کردیا۔

مزید پڑھیں: ملازمت ڈھونڈنا چاہتے ہیں؟ تو گوگل کریں

گو کھیل کے عالمی چیمپئن اور دنیا کے بہترین کھلاڑی کو شکست کے بعد اس کھیل کے بڑے بڑے کھلاڑی چینی عالمی چیمپیئن کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے مشورہ دے رہے ہیں کہ وہ بساط کی حکمت عملی ایلفا گو سے سیکھے۔

حالانکہ میچ کے آغاز میں چینی کھلاڑی نے ایلفا گو کے مقابلے 10 سے 15 پوائنٹ زیادہ حاصل کرلیے تھے، مگر بعد ازاں گوگل کمپیوٹر نے حکمت عملی تیز اور شاطر کرتے ہوئے انسان کو شکست دی۔

میچ کے اختتام کے بعد چینی کھلاڑی نے گوگل ایلفاگو کی جانب سے اپنائی گئی کم سے کم 24 ایسی حکمت عملیاں بتائیں، جنہیں سمجھنا ان کے بس کی بات نہیں تھی۔

میچ کو دنیا بھر میں 28 کروڑ افراد نے دیکھا—فوٹو: اے پی
میچ کو دنیا بھر میں 28 کروڑ افراد نے دیکھا—فوٹو: اے پی

اس میچ کے بدلے گوگل کے ایلفاگو کو بھاری رقم بھی ملی ہے، جب کہ خیال کیا جا رہے کہ گوگل کمپیوٹر آنے والی 2 میچز میں بھی انسان کو شکست دے دیگا۔

یہ بھی پڑھیں: گوگل سرچ کے بارے میں آپ یہ جانتے ہیں؟

دنیا کے پیچیدہ ترین اور خالصتا ذہنی کھیل میں مشین کی کامیابی پر کئی لوگ حیران ہیں، جب کہ اب خیال کیا جا رہا ہے کہ گوگل ایلفا کمپیوٹر مشکل سے مشکل کھیل بھی کھیلنے اور جیتنے کی صلاحیت حاصل کرلے گا۔

خبر رساں ادارے کے مطابق انسان اور کمپیوٹر کے دوران ہونے والی اس میچ کو دنیا بھر میں 28 کروڑ سے زائد افراد نے براہ راست ویڈیوز کے ذریعے دیکھا۔

کمپیوٹر نے گو کھیل کے چیمپیئن کو شکست دی—فوٹو: رائٹرز
کمپیوٹر نے گو کھیل کے چیمپیئن کو شکست دی—فوٹو: رائٹرز

ضرور پڑھیں

تبصرے (0) بند ہیں