پشاور: پاکستان میں امن اور ترقی کے لیے سرگرم ادارے سینٹر فار پیس اینڈ ڈویلپمنٹ انیشی ایٹو (سی پی ڈی آئی) نے عوام تک مختلف شعبوں کے لیے مختص بجٹ کی معلومات پہنچانے کے لیے اپنی نوعیت کی پہلی موبائل ایپلی کیشن تیار کرلی۔

سی پی ڈی آئی کے پروگرام مینیجر راجا شعیب نے 'بجٹ ٹریکر' نامی اس ایپلی کیشن کو لانچ کرنے کے موقع پر ڈان کو بتایا کہ یہ سالانہ بجٹ کی معلومات عوام تک پہنچانے کی پہلی کوشش ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ 'یہ ایک منفرد ایپلی کیشن ہے، تمام صوبوں کے بجٹ کی معلومات حاصل کرنے کا بہترین آلہ ہے، اب سب کچھ عوام کے ہاتھوں میں ہے'۔

یہ بھی پڑھیں: اسحاق ڈار 26 مئی کو وفاقی بجٹ پیش کرنے کیلئے تیار

راجا شعیب کے مطابق چونکہ بجٹ انگریزی زبان میں ہوتا ہے لہذا ایپلی کیشن میں بھی انگریزی کا ہی استعمال کیا گیا ہے، لیکن اگر یہ کوشش کامیاب ہوجاتی ہے تو ہم اس معلومات کو مقامی زبانوں میں لانے کی کوشش کریں گے تاکہ ملک بھر کے لوگ اس بات سے آگاہ ہوسکیں کہ کس شعبے کے لیے کتنا بجٹ مختص کیا جارہا ہے۔

سی پی ڈی آئی کے صوبائی کورآرڈینیٹر شمس الہادی کا کہنا تھا کہ یہ ایپلی کیشن کسی بھی اینڈرائڈ یا اسمارٹ فون میں ایپ اسٹور سے مفت ڈاؤن لوڈ کی جاسکے گی۔

انہوں نے مزید کہا کہ یہ ایپلی کیشن لوگوں کو وہ تمام معلومات فراہم کرے گی جو وہ بجٹ سے متعلق جاننا چاہتے ہیں جبکہ اس میں سرچ، کمنٹ، لائک اور ڈس لائک جیسے آپشنز بھی موجود ہیں۔


یہ خبر 24 مئی 2017 کو ڈان اخبار میں شائع ہوئی۔

ضرور پڑھیں

تبصرے (0) بند ہیں