اسکردو: ایئر چیف مارشل سہیل امان نے کسی کی نشاندہی کیے بغیر کہا کہ پاکستان دشمن کی کسی بھی مہم جوئی کا بھرپور جواب دینے کیلئے تیار ہے۔

ریڈیو پاکستان کی ایک رپورٹ کے مطابق اسکردو میں قائم قادری ایئر بیس پر میڈیا کے نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ دشمن کے بیان پر قوم کو ایک فیصد بھی خدشات نہیں ہونے چاہیے۔

ان کا کہنا تھا کہ پاک فضائیہ ملک کی سرحدوں کی حفاظت کے قابل اور دفاع کیلئے مکمل طور پر لیس ہیں۔

انھوں نے خبردار کیا کہ دشمن کی جانب سے کسی بھی جارحیت کا ایسا جواب دیا جائے گا جو اس کی آنے والی نسلیں یاد رکھیں گی۔

خیال رہے کہ 22 مئی کو ہندوستانی میڈیا نے اپنی رپورٹس میں کہا تھا کہ بھارتی فضائیہ کے ایئر چیف مارشل بی ایس دھنووا کی جانب سے 12 ہزار فوجیوں کو بھیجے گئے خطوط میں یاددہانی کرائی گئی تھی کہ وہ 'مختصر نوٹس پر کارروائی کے لیے تیار رہیں'۔

30 مارچ کے دستخط شدہ ان خطوط نے موجودہ سیکیورٹی صورتحال کے حوالے سے کئی قیاس آرائیوں کو جنم دیا جبکہ بھارتی اخبار کے مطابق اس ہدایت کو مقبوضہ کشمیر کے سرحدی علاقوں میں بگڑتی ہوئی صورتحال کے تناظر میں دیکھا جارہا ہے۔

مزید پڑھیں: مختصرنوٹس پر کارروائی کیلئے تیار رہیں: بھارتی فضائیہ سربراہ کی ہدایت

اگرچہ ان خطوط میں کئی دیگر معاملات پر بھی ہدایات جاری کی گئی تھیں تاہم ایئر چیف کی اہلکاروں کو 'موجودہ وسائل کے ساتھ مختصر نوٹس پر آپریشن کی تیاری' کی نصیحت نے سب کی توجہ حاصل کی۔

اسکردو میں جنگی طیاروں کی مشقوں کے حوالے سے ایئر چیف کا کہنا تھا کہ یہ معمول کی مشقیں ہیں، ہماری فورسز پروفیشنل، مکمل آپریشنل اور ہمیشہ مکمل طور پر تیار ہیں۔

ایئر چیف کا کہنا تھا کہ پاکستان ایئر فورس نے ملک میں انسداد دہشت گردی کے حوالے سے بھی اہم کردار ادا کیا ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ جے ایف تھنڈر طیاروں کی پیداوار 3 گنا تک بڑھا دی گئی ہے اور انھیں جدید دور کی ضروریات کے مطابق مزید بہتر بنایا گیا ہے۔

ان کا مزید کہنا تھا کہ جے ایف تھنڈر طیارے پاکستان کا فخر ہیں جس کا مقصد خود انحصاری کا حصول ہے۔

اس سے قبل ایئر چیف سہیل امان نے معراج طیارہ اڑا کر مشقوں میں حصہ لیا۔

تبصرے (0) بند ہیں