سم کارڈز سمیت مختلف خدمات فراہم کرنے والی امریکا کی ملٹی نیشنل کمپنی ’ٹی موبائل‘ آئندہ چند روز میں ایک ایسی ٹیکنالوجی متعارف کرانے جا رہی ہے، جس کی مدد سے ایک ہی فون نمبر کو موبائل، ٹیبلیٹ اور کمپیوٹر سمیت دیگر ڈوائسز کے ذریعے چلانا ممکن ہوگا۔

خیال رہے کہ ایسی ہی سہولت ’ایپل‘ پہلے سے ہی فراہم کر رہا ہے، تاہم ٹی موبائل کی جانب سے متعارف کرائی جانے والی سہولت ایپل سے کہیں زیادہ بہتر ہے۔

ٹی موبائل نے جدید ٹیکنالوجی کی مدد سے حیران کرنے والی سہولیات متعارف کرانے کا پہلے ہی اعلان کیا تھا، تاہم اب کمپنی کے چیف آپریٹنگ آفیسر (سی ای او) مائک سویرٹ کی جانب سے ویڈیو پیغام میں بتایا گیا کہ رواں ماہ 31 مئی کو نئی ٹیکنالوجی متعارف کرائی جائے گی۔

یہ بھی پڑھیں: آنکھوں سے کنٹرول کیجئے اب موبائل فون

کمپنی کی جانب سے اس ٹیکنالوجی کو’ڈجٹس‘ کا نام دیا گیا ہے، جس کے ذریعے کوئی بھی صارف بیک وقت ایک ہی سم کے موبائل یا لینڈ لائن نمبر کو اپنے موبائل فون، ٹیبلیٹ یا کمپیوٹر سسٹم سمیت دیگر ڈوائسز سے بھی استعمال کر سکے گا۔

مائیک سویرٹ نے بتایا کہ یہ سسٹم ایک اکاؤنٹ کی طرح کام کرے گا، جس طرح کسی بھی ای میل یا فیس اکاؤنٹ کو کسی بھی ڈوائس سے استعمال کیا جاسکتا ہے، ٹھیک اسی طرح فون نمبر کو بھی استعمال کیا جاسکے گا۔

کمپنی کے مطابق اس نئی سہولت کو 31 مئی کو متعارف کرایا جائے گا، جب کہ ٹی موبائل کے نمبرز استعمال کرنے والے صارفین کو یہ سہولت مفت فراہم کی جائے گی۔

مزید پڑھیں: مستقبل کی مائیکرو سافٹ موبائل کیسی ہوں گی ؟

کمپنی کے مطابق نئی ٹیکنالوجی کے حامل نمبرز کو تمام ڈوائسز پر چلانے اور ان نمبرز کے ذریعے دی جانے والی بے شمار سہولیات کے بدلے صارفین کو ماہانہ صرف 10 ڈالر فراہم کرنے پڑیں گے۔

خیال رہے کہ ٹی موبائل کمپنی خصوصی طور پر امریکا، یورپ اور مشرق وسطیٰ جیسے ممالک میں خدمات فراہم کرتی ہے۔

امکان ظاہر کیا جا رہا ہے کہ امریکا کی اس کمپنی کے نقش قدم پر چلتے ہوئے دیگر ممالک کی سم کارڈز فراہم کرنے والی کمپنیاں بھی اسی ٹیکنالوجی کا استعمال کریں گی۔

تبصرے (0) بند ہیں