اسلام آباد: کوہ پیما سعد محمد نے حال ہی میں ماؤنٹ ایورسٹ سَر کرنے والے ریٹائرڈ کرنل عبدالجبار بھٹی کی جان بچانے کے لیے دنیا کی بلند ترین چوٹی کو سَر کرنے کا اپنا سفر ادھورا چھوڑ دیا۔

خیال رہے کہ گذشتہ ہفتے کوہ پیما اور سابق لیفٹننٹ کرنل عبدالجبار بھٹی نے دنیا کی بلند ترین چوٹی ماؤنٹ ایورسٹ سر کرنے والے چوتھے پاکستانی ہونے کا اعزاز اپنے نام کیا تھا۔

تاہم ماؤنٹ ایورسٹ کی چوٹی سے واپسی کے سفر میں سابق فوجی اور ان کے گائیڈ کے پاس آکسیجن ختم ہوگئی تھی۔

ڈان اخبار کی ایک رپورٹ کے مطابق 8 ہزار 500 میٹر کی اونچائی پر پھنس جانے والے کرنل بھٹی کی زندگی بچانے کے لیے سعد محمد کو اپنی خواہش کو ترک کرکے اپنے پاس موجود وسائل اور توانائی کو کرنل بھٹی کی حفاظت کے لیے صرف کرنا پڑا۔

واضح رہے کہ کرنل بھٹی ایک ایسے مقام پر پھنس گئے تھے جو درجنوں کوہ پیماؤں کی جان لے چکا ہے۔

مزید پڑھیں: ماؤنٹ ایورسٹ سر کرنے والے پاکستانی کوہ پیما کی طبیعت ناساز

کوہ پیما سعد محمد نے ڈان سے بذریعہ فون گفتگو کرتے ہوئے کہا ’میرے مینیجر نے مجھے کہا کہ یہ بہتر ہوگا کہ میں اپنا سفر چھوڑ کر اپنے ساتھی پاکستانی کوہ پیما کی مدد کروں جسے طبی مدد کی سخت ضرورت ہے‘۔

ان کا کہنا تھا ’مجھے پہلے یہ سمجھ نہیں آیا تاہم اپنے ساتھی کی مدد کرنا میری سب ترجیحات پر حاوی آگیا‘۔

خیال رہے کہ یہ دونوں کوہ پیما 2012 میں اسپانٹک کی چوٹی کو سر کرنے والے ایک گروپ کا حصہ بھی رہ چکے ہیں، اس مہم کے سربراہ کرنل (ر) بھٹی تھے اور سعد محمد کے مطابق ان کی رہنمائی نے انہیں بہت حوصلہ دیا تھا۔

22 مئی کو سیٹلائٹ فون کے ذریعے سوشل میڈیا پر سعد محمد نے لکھا کہ ’کرنل بھٹی اور ان کے گائیڈ کو ریسکیو کیا جاچکا ہے اور وہ اب خطرے سے باہر ہیں‘۔

یہ بھی پڑھیں: ماؤنٹ ایورسٹ سر کرنے کی کوشش میں 4 افراد ہلاک

کرنل بھٹی اور ان کے ساتھی کو 8 ہزار 700 میٹر کی بلندی پر واقع کیمپ 4 میں سلیپنگ بیگز میں رکھا گیا تھا۔

بعد ازاں کرنل بھٹی اور ان کے گائیڈ کو کیمپ 2 سے ایئرلفٹ کرکے کٹھمنڈو لے جایا گیا۔

ڈان سے گفتگو کے وقت کوہ پیما سعد محمد کٹھمنڈو میں کرنل بھٹی کے ساتھ موجود تھے۔

واضح رہے کہ رواں سال ماؤنٹ ایورسٹ کا سفر کرنے والے 14 افراد جان سے ہاتھ دھو چکے ہیں، بدھ (24 مئی) کے روز بھی 4 کوہ پیما مردہ حالت میں پائے گئے ہیں، جبکہ ایک بھارتی شہری پہاڑ کی چوٹی سر کرنے کے بعد پہاڑ سے اترتے ہوئے ہلاک ہوگیا تھا۔

ضرور پڑھیں

تبصرے (0) بند ہیں