پاکستان کے مقبول موسیقار وجاہت عطرے 63 برس کی عمر میں لاہور میں انتقال کرگئے۔

وہ دل کا دورہ پڑنے کے باعث گزشتہ کچھ روز سے لاہور کے جناح ہسپتال میں زیر اعلاج تھے جہاں آج ان کا انتقال ہوگیا۔

وجاہت عطرے نامور موسیقار رشید عطرے کے بیٹے تھے، ان کا شمار فلم انڈسٹری کے ان موسیقاروں میں کیا جاتا ہے جن کے کامیاب گانے کئی گلوکاروں نے گائے۔

انہوں نے اپنے فنی کیریئر کا آغاز 1967 میں فلم ’پرستان‘ سے کیا جس کے بعد ’چن وریام‘، ’مکھڑا‘، ’شیرخان‘، ’نوکر وہٹی دا‘، ’صاحب جی‘ اور ’عشق خدا‘ جیسی فلموں میں اپنی دھنوں کا جادو جگایا۔

اپنے 40 سالہ کیریئر میں وجاہت عطرے نے بے شمار گانے کمپوز کیے۔

حیران کن بات یہ ہے کہ ملکہ ترنم نور جہاں کے فلمی کیریئر کے تقریباً 10 ہزار گانوں میں سے تین ہزار کے قریب گانے موسیقار وجاہت عطرے نے ریکارڈ کیے۔

انہیں کئی سال قبل فالج کا اٹیک ہوا تھا، جس کے بعد انہیں علامہ اقبال ٹاﺅن کے ایک نجی ہسپتال میں داخل کرایا گیا۔

بعدازاں حکومت پنجاب نے ان کے مفت علاج کا اعلان بھی کیا تھا۔

وجاہت عطرے نے سوگواران میں 3 بیٹے اور ایک بیٹی چھوڑی ہے۔

ضرور پڑھیں

تبصرے (0) بند ہیں