گوگل نے صارفین کی تصاویر کا ڈیٹا محفوظ رکھنے والی اپنی ایپلی کیشن ’گوگل فوٹوز‘ میں تبدیلی کرتے ہوئے آرکائیو کا فیچر متعارف کرادیا۔

گوگل فوٹوز میں حالیہ تبدیلی کمپنی کے اس اعلان کے بعد کی گئی کہ وہ صارفین کے ڈیٹا کو زیادہ محفوظ بنانے کا ارادہ رکھتی ہے۔

اس فیچر کے تحت صارفین اپنی ایسی تصاویر کا بیک اپ بنا سکیں گے، جن تصاویر کو وہ فرنٹ پیج پر رکھنا نہیں چاہتے، مگر وہ چاہتے ہیں کہ وہ کہیں ایسی جگہ موجود رہیں، جہاں سے ضرورت کے وقت انہیں نکالا جا سکے۔

—فوٹو گوگل
—فوٹو گوگل

یہ بھی پڑھیں: گوگل سرچ کے بارے میں آپ یہ جانتے ہیں؟

صارف جیسے ہی ایپلی کیشن کو استعمال کرے گا، سائیڈ میں شیئرڈ، ٹریش اور ہیلپ کے ساتھ ساتھ آرکائیو کا فیچر بھی نظر آئے گا، جسے کلک کرنے کے بعد ان تصاویر کو منتخب کرنا ہوگا، جنہیں صارف آرکائیو کرنا چاہ رہا ہو۔

گوگل فوٹوز کی ایپلی کیشن گوگل اکاؤنٹ سے منسلک ہوتی ہے، جو تمام ڈیوائسز پر کام کرتی ہے، اس ایپلی کیشن کو ڈیسک ٹاپ پر بھی دیکھا جاسکتا ہے۔

گوگل فوٹوز میں صارفین کی تصاویر جمع ہوتی رہتی ہیں، مگر وہ اس وقت ہی شیئر ہوتی ہیں، جب صارف خود انہیں شیئر کرنا چاہے۔

گوگل فوٹوزتصاویر کو ٹریش، ڈیلیٹ، شیئر اور ایلبم میں محفوظ رکھنے جیسی سہولیات فراہم کرتی ہے۔

مزید پڑھیں: وہ سب کچھ جو گوگل آپ کے بارے میں جانتا ہے

گوگل کے مطابق ایپلی کیشن کے صارفین میں تیزی سے اضافہ ہو رہا ہے، دنیا بھر میں ایپلی کیشن کو اب تک ایک ارب بار ڈاؤن لوڈ کیا جاچکا ہے، جب کہ اس ایپلی کیشن کے دنیا بھر میں 50 کروڑ صارف موجود ہیں۔

خیال رہے کہ گوگل نے تصاویر کا ڈیٹا محفوظ کرنے والی یہ ایپلی کیشن 2015 میں متعارف کرائی تھی۔

ضرور پڑھیں

تبصرے (0) بند ہیں