راولپنڈی: انسداد منشیات فورس (اے این ایف) نے اسلام آباد کے بے نظیر بھٹو انٹرنیشنل ایئرپورٹ کے ذریعے اٹلی جانے والے مسافر سے دو کلو ایک سو گرام ہیروئن برآمد کرلی۔

اے این ایف حکام کے مطابق چکوال سے تعلق رکھنے والے مسافر غلام عباس کے ہینڈ بیگ سے امیگریشن کاؤنٹر پر چیکنگ کے دوران ہیروئن برآمد ہوئی۔

مسافر غلام عباس نجی ایئرلائن کیو آر 633 کی پرواز سے دوحا کے راستے اٹلی جانے والے تھے۔

مسافر نے ہیروئن کی موجودگی پر لاعلمی کا اظہار کیا تاہم اے این ایف نے منشیات کی دفعات کے تحت ملزم غلام عباس کے خلاف مقدمہ درج کرتے ہوئے اسے اے این ایف ہیڈکوارٹرز منتقل کردیا۔

مزید پڑھیں: پی آئی اے کی لندن جانے والی پرواز سے20 کلوگرام ہیروئن برآمد

حکام کے مطابق تحویل میں لیے گئے مسافر غلام عباس کے پاس دس سال کا اٹلی کا ویزہ تھا جو دوحا کے راستے اٹلی جانے کی کوشش کر رہا تھا۔

اے این ایف حکام کا کہنا ہے کہ تحویل میں لیے گئے مسافر کے بیگ میں ہیروئن کے حوالے سے تفتیش کی جا رہی ہے۔

خیال رہے کہ گذشتہ چند دنوں کے دوران قومی ایئرلائن کی پروازوں سے منشیات کی برآمدگی کے مختلف واقعات سامنے آچکے ہیں۔

دو روز قبل یہ رپورٹس سامنے آئیں تھیں کہ پاکستان انٹرنیشنل ایئرلائنز (پی آئی اے) کی پرواز سے برآمد ہونے والی ہیروئن کے معاملے کی تحقیقات کرنے والی سیکیورٹی ایجنسی نے ان واقعات کو وزیراعظم نواز شریف اور ان کی حکومت کے خلاف ایک 'سازش' قرار دیتے ہوئے مشترکہ تحقیقاتی ٹیم (جے آئی ٹی) کو اس معاملے کی بھی تحقیقات کرنے کا مشورہ دے دیا تھا۔

واضح رہے کہ برطانیہ کی نیشنل کرائم ایجنسی نے 15 مئی کو پی آئی اے کی فلائٹ پی کے 785 سے ہیروئن برآمد کی تھی جس کے بعد قومی ایئر لائن اور سول ایوی ایشن کے حکام پہلے ہی شرمندہ ہیں۔

یہ بھی پڑھیں: راولپنڈی: ابوظہبی جانے والے مسافر سے ہیروئن برآمد

اطلاعات کے مطابق برطانیہ کی ایجنسی نے خفیہ اطلاع پر پی آئی اے کے طیارے بوئنگ 777 کی تلاشی لی تھی جبکہ 22 مئی کو بھی فلائٹ پی کے 785 کی ہی تلاشی لی گئی لیکن یہ ایک مختلف طیارہ تھا۔

یاد رہے کہ ہیروئن لندن کے ہیتھرو ایئرپورٹ پر پی آئی اے کے طیارے کے پچھلے حصہ سے برآمد ہوئی تھی جبکہ اسلام آباد ایئر پورٹ پر بھی طیارے کے اسی حصہ سے ہیروئن برآمد ہوئی۔

تبصرے (0) بند ہیں