فلپائن: پرتشدد واقعات میں 100 افراد ہلاک

اپ ڈیٹ 28 مئ 2017
فلپائن فورسز کے اہلکار علاقے میں گشت کر رہے ہیں — فوٹو / اے پی
فلپائن فورسز کے اہلکار علاقے میں گشت کر رہے ہیں — فوٹو / اے پی

منیلا: فلپائن کے جنوب میں مسلم اکثریتی علاقے میں حکومتی افواج اور باغیوں کے درمیان جھڑپوں کے نتیجے میں 100 افراد ہلاک ہوگئے جن میں دہشت گرد، عام شہری اور حکومتی افواج کے اہلکار شامل ہیں۔

فلپائن کی سیکیورٹی فورسز نے ملک کے مسلم اکثریتی جنوبی علاقے میں داعش سے تعلق رکھنے والے عسکریت پسندوں کے خلاف نئی فضائی کارروائی کا آغاز کردیا۔

غیر ملکی خبر رساں اداروں کے مطابق فلپائن کی سیکیورٹی فوسز کو اتوار کے روز بھی 16 شہریوں کی لاشیں ملی ہیں، جس کے ساتھ ہیں پر تشدد واقعات میں ہلاک ہونے والوں کی تعداد کم از کم 100 ہوگئی ہے۔

فلپائن کے فوجی ترجمان بریگیڈیئر جنرل ریسٹیٹوٹو پڈِلہ نے بتایا کہ 4 مردوں، تین عورتوں اور ایک بچے کی لاشیں شہر میں قائم یونیورسٹی کے قریب سے ملی ہیں جبکہ دیگر 8 افراد کو فائرنگ کرکے ہلاک کیا گیا تھا۔

مزید پڑھیں: 'سمندری عفریت' نے کیا فلپائنی عوام کو خوفزدہ

تقریبا 2 لاکھ سے زائد آبادی والے فلپائن کے علاقے مراوی کی صورتحال اس وقت خراب ہوئی جب عسکریت پسندوں نے غیر متوقع طاقت ظاہر کی اور گھر گھر تلاشی لینے والے فوجیوں کو واپس پیچھے دھکیل دیا۔

تاہم موجودہ پر تشدد واقعات میں اس وقت مزید اضافہ ہوا جب ایک چھوٹے سے عسکریت پسند گروہ نے دنیا کی سب سے خطرناک تنظیم داعش سے الحاق کیا جس کے بعد حکومت نے ایپسیلون ہاپیلون نامی عسکریت پسند تنظیم کے خلاف بھرپور کارروائی کا آغاز کیا۔

یاد رہے کہ ہاپیلون امریکا کی انتہائی مطلوب دہشت گردوں کی فہرست میں شامل ہے۔

یہ بھی پڑھیں: فلپائن کا ہاٹ ایئر بلون فیسٹیول

اس صورتحال کے پیش نظر فلپائن کے صدر نے ملک کے جنوبی علاقے میں 60 دن کے لیے مارشل لاء نافذ کردیا ہے جہاں دہائیوں سے مسلم علحیدگی پسند موجود تھے۔

فلپائن کی سیکیورٹی فورسز کی جانب سے کیا جانے والا یہ آپریشن مکمل طور پر ناکام ہوگیا اور مسلح دہشت گردوں نے شہر پر چڑھائی کردی جہاں انہوں نے سرکاری املاک کو نقصان پہنچایا اور شہر کی سٹرکوں پر حکومتی افواج کے خلاف برسرپیکار ہوئے۔

فلپائن فوجی ترجمان بریگیڈیئر جنرل ریسٹیٹوٹو پڈِلہ نے بتایا کہ ان جھڑپوں میں اب تک اب تک 61 شہری، 11 فوجی اور تین پولیس اہلکار ہلاک ہوچکے ہیں۔

ایک فلپائن حکام کے مطابق شورش زدہ اس شہر میں اب بھی 2 ہزار سے زائد لوگ پھنسے ہوئے ہیں جو موبائل فون کے ذریعے اپنے آپ کو وہاں سے نکالنے اور مدد کے لیے پکار رہے ہیں۔


تبصرے (0) بند ہیں