اسلام آباد: قومی سلامتی کمیٹی نے دہشت گردی کے خلاف ملک بھر میں جاری آپریشن ’ردالفساد‘ پر اظہار اطمینان اور بھارت کے زیر انتظام کشمیر میں سیکیورٹی فورسز کی جانب سے انسانی حقوق کی پامالیوں پر تشویش کا اظہار کیا۔

اسلام آباد میں وزیر اعظم نواز شریف کی زیر صدارت قومی سلامتی کمیٹی کا اجلاس ہوا، جو ملک کی مجموعی داخلی و خارجی سیکیورٹی اور مشرقی و مغربی سرحد کی صورتحال پر غور کے لیے طلب کیا گیا تھا۔

اجلاس میں شرکا نے جموں و کشمیر کے معصوم عوام پر بھارتی فورسز کے مظالم پر سخت تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کشمیری عوام کی اخلاقی و سفارتی حمایت جاری رکھنے کے عزم کا اعادہ کیا۔

کمیٹی نے انسداد دہشت گردی کے آپریشنز بالخصوص آپریشن ردالفساد سے حاصل ہونے والے نتائج پر اطمینان کا اظہار کیا۔

پاک ۔ چین اقتصادی راہداری (سی پیک) کے منصوبوں کی سیکیورٹی کا معاملہ بھی اجلاس میں زیر غور آیا۔

اجلاس میں وفاقی وزیر دفاع خواجہ محمد آصف، وزیر خزانہ اسحٰق ڈار، وزیر داخلہ چوہدری نثار علی خان اور وزیراعظم کے خارجہ امور کے مشیر سرتاج عزیز شریک تھے۔

قومی سلامتی کمیٹی کے اجلاس میں آرمی چیف قمر جاوید باجوہ، چیف آف نیول اسٹاف ایڈمرل محمد ذکاء اللہ، چیف آف ایئر اسٹاف ایئر چیف مارشل سہیل امان، قومی سلامتی کے مشیر لیفٹننٹ جنرل (ر) ناصر خان جنجوعہ اور ڈی جی آئی ایس آئی لیفٹننٹ جنرل نوید مختار سمیت دیگر اعلیٰ حکام بھی موجود تھے۔

اجلاس سے قبل وزیراعظم نواز شریف سے آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ کی ملاقات ہوئی جس میں ملک کی سیکیورٹی صورت حال پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

ضرور پڑھیں

تبصرے (0) بند ہیں