عبدالرزاق نے انٹرنیشنل کرکٹ کو الوداع کہہ دیا

01 جون 2017
عبدالرزاق نے مجموعی طور پر 343 انٹرنیشنل میچوں میں پاکستان کی نمائندگی کی— فائل فوٹو: اے ایف پی
عبدالرزاق نے مجموعی طور پر 343 انٹرنیشنل میچوں میں پاکستان کی نمائندگی کی— فائل فوٹو: اے ایف پی

عالمی شہرت یافتہ پاکستانی آل راؤنڈر عبدالرزاق نے انٹرنیشنل کرکٹ سے ریٹائرمنٹ کا اعلان کردیا ہے اور امید ظاہر کی ہے کہ یونس خان اور مصباح الحق کی طرح انہیں بھی فیئرویل میچ کھیلنے کا موقع فراہم کیا جائے گا۔

ایک عرصے تک پاکستان کرکٹ پر بحیثیت آل راؤنڈر راج کرنے والے عبدالرزاق نے آخری مرتبہ 2013 میں پاکستان کی ٹی20 میچ میں نمائندگی کی تھی جبکہ انہوں نے آخری ون ڈے میچ 2011 میں کھیلا تھا۔

37 سالہ آل راؤنڈر نے جنوری 2015 کے بعد سے کسی بھی دومیسٹک میچ میں حصہ نہیں لیا تھا لیکن اس کے باوجود انہیں امید تھی کہ شاید انہیں کسی موقع پر انٹرنیشنل ٹیم میں موقع فراہم کیا جائے لیکن بالآخر انہوں نے ہمت ہارتے ہوئے انٹرنیشنل کرکٹ کو الوداع کہہ دیا۔

انہوں نے کہا کہ ایک موقع پر ہر کھلاڑی کو ریٹائر ہونا پڑتا ہے اور میرے خیال میں یہ میری ریٹائرمنٹ کا درست وقت ہے، میں نے تین چار سال سے کرکٹ نہیں کھیلی لہٰذا اب ٹیم میں واپسی بہت مشکل ہے۔

آل راؤنڈر نے کہا کہ میں جن کھلاڑیوں کے ساتھ کھیلتا تھا وہ سب ریٹائر ہو گئے۔ شاہد آفریدی، مصباح الحق، یونس خان اور محمد یوسف کرکٹ سے کنارہ کش ہو چکے ہیں لہٰذا میں نے بھی رسمی طور پر ریٹائرمنٹ کا اعلان کرنے کا فیصلہ کر لیا۔

عبدالرزاق نے مستقبل میں نوجوانوں کی کوچنگ کرنے کا عزم ظاہر کرتے ہوئے امید ظاہر کی کہ مصباح الحق اور یونس خان کی طرح انہیں بھی الوداعی میچ کھیلنے کا موقع فراہم کیا جائے گا۔

تبصرے (0) بند ہیں