وزیراعظم کی جے آئی ٹی طلبی: کے ایس ای انڈیکس میں 1855پوائنٹس کمی

اپ ڈیٹ 12 جون 2017
کے ایس ای 100 انڈیکس چارٹ — فوٹو، اسکرین شاٹ
کے ایس ای 100 انڈیکس چارٹ — فوٹو، اسکرین شاٹ

کراچی: کاروباری ہفتے کے پہلے روز پاکستان اسٹاک ایکسچینج (پی ایس ایکس) میں شدید مندی کا رجحان دیکھنے میں آیا جہاں کے ایس ای 100 انڈیکس میں 1,855 پوائنٹس کی کم کے ساتھ بند ہوا۔

تجزیہ کاروں کے مطابق پاکستان اسٹاک ایکسچینج میں پیر کے روز کاروبار کے دوران شدید مندی دیکھنے میں آئی، جس کی وجہ وزیراعظم نواز شریف کی پاناما کیس کی تحقیقات کرنے والی مشترکہ تحقیقاتی ٹیم (جے آئی ٹی) کے سامنے طلبی بتائی گئی۔

دن کے آغاز سے ہی کراچی اسٹاک ایکسچینج (کے ایس ای) میں شدید مندی دیکھنے میں آئی اور 100 انڈیکس ٹریڈنگ کے دوران 1900 سے زائد پوائنٹس کی کمی دیکھنے میں آئی جبکہ بینچ مارک انڈیکس 48 ہزار پوائنٹس کی سطح سے بھی نیجے آگیا تھا۔

مزید پڑھیں: وزیراعظم 15 جون کو جے آئی ٹی کے سامنے پیش ہوں گے

کے ایس ای 100 انڈیکس دن کے آغاز میں 49526.92 پوائنٹس پر تھا، لیکن جے آئی ٹی میں وزیراعظم نواز شریف کی طلبی کی خبر منظر عام پر آنے کے بعد انڈیکس میں 1900 پوائنٹس کی نمایاں کمی واقع ہوئی۔

پیر کے روزکے ایس ای 100 انڈیکس 47,538 پوائنٹس کی کم ترین سطح پر پہنچ گیا تھا تاہم 100 انڈیکس دن کے اختتام تک 47,672 پوائنٹس پر بند ہوا۔

کاروباری لحاظ سے مجموعی طور پر پورے دن میں تقریبا 6 ارب 80 کروڑ روپے کے شیئرز کی خرید و فروخت دیکھنے میں آئی۔

خیال رہے کہ وزیراعظم نواز شریف کو دو روز قبل جے آئی ٹی کے سامنے پیش ہونے کا سمن موصول ہوا تھا جس کے بعد پارٹی رہنماؤں اور قانونی مشیروں سے مشاورت کی گئی تھی جہاں سمن کی تعمیل کرتے ہوئے وزیر اعظم کو جے آئی ٹی کے سامنے پیش ہونے کا فیصلہ کیا گیا۔

سمن کے مطابق وزیراعظم جمعرات (15 جون) کو جے آئی ٹی کے سامنے پیش ہوں گے۔


ضرور پڑھیں

تبصرے (0) بند ہیں