اوول کے میدان میں بھارت کو بدترین شکست دے کر چیمپیئنز ٹرافی اپنے نام کرنے والی پاکستانی ٹیم کی کارکردگی پر دنیا بھر میں موجود کرکٹ مداح نیک خواہشات اور مبارک باد کے پیغام جاری کرنے میں مصروف ہیں۔

فائنل کو 2 روز گزرنے کے باوجود بھی سماجی روابط کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر پاکستان کے لیے مبارک باد کی ٹوئٹس دیکھی جاسکتی ہیں جبکہ ٹرینڈز میں بھی پاکستان اور بھارت کے نام نمایاں نظر آتے ہیں۔

ان پیغامات میں جہاں پاکستانی فینز کی خوشی کا کوئی ٹھکانہ نہیں، وہیں پاکستان کے نوجوان کھلاڑیوں کے ہاتھوں اَپ سیٹ شکست کا سامنا کرنے والی بھارتی ٹیم کے مداح اب بھی بحث کرتے دکھائی دیتے ہیں۔

میچ سے قبل بھارتی کرکٹ شائقین کا جارحانہ اور پراعتماد انداز اب بحث اور چڑچڑے پن میں تبدیل ہوچکا ہے۔

عام ٹوئٹر صارفین کی طرح بھارتی کھلاڑی گوتم گمبھیر بھی ایسی ہی ایک بحث کا آغاز کرتے دکھائی دیئے جب انہوں نے مقبوضہ جموں و کشمیر کے حریت پسند رہنما میر واعظ عمر فاروق کی ٹوئیٹ کے جواب میں جلا بھنا جواب دیا۔

پاکستان کی فتح پر حریت رہنما نے اپنے پیغام میں لکھا تھا کہ 'ہر طرف آتش بازی ہے، ایسا محسوس ہو رہا ہے کہ عید قبل از وقت آگئی ہو، بہتر کھیلنے والی ٹیم کامیاب رہی، پاکستانی ٹیم کو جیت مبارک ہو'۔

اس ٹوئیٹ پر بھارتی کھلاڑی اپنا تعصب چھپانے میں کامیاب نہ ہوسکے اور جواباً لکھا، 'میر واعظ آپ کے لیے ایک تجویز ہے، آپ سرحد کیوں نہیں پار کرلیتے؟ وہاں آپ کو بہتر پٹاخے اور عید کا جشن ملے گا، میں سامان پیک کرنے میں آپ کی مدد کر سکتا ہوں'۔

گوتم گمبھیر کی جانب سے یہ ٹوئیٹ کرنے کی دیر تھی کہ کشمیریوں سمیت ٹوئٹر صارفین کی بڑی تعداد نے انھیں آڑے ہاتھوں لیا۔

کسی کا خیال تھا کہ گوتم گمبھیر اس حقیقت پر جل بھن گئے ہیں تو کوئی کیا کرسکتا ہے تو کئی مشتعل انڈین فینز بھارتی کرکٹر کا ساتھ دیتے بھی نظر آئے۔

جبکہ کچھ صارفین نے اسپورٹس کو غلط فہمیاں دور کرنے کا ذریعہ قرار دیتے ہوئے کہا کہ اپنی غلطیوں سے سیکھیں اور انھیں مستقبل میں دوبارہ نہ دہرائیں۔

تبصرے (0) بند ہیں