اسلام آباد: قومی ادارہ شماریات (پی بی ایس) کا کہنا ہے کہ رواں مالی سال 17-2016 کے دوران سمندری خوراک کی برآمدات میں 19 فیصد سے زائد کا نمایاں اضافہ ہوا ہے۔

پاکستان کے سرکاری خبر رساں ادارے ایسوسی ایٹڈ پریس آف پاکستان (اے پی پی) کی رپورٹ میں پی بی ایس کے اعدادوشمار کے حوالے سے بتایا گیا ہے کہ رواں مالی سال میں جولائی تا مئی 17-2016 کے دوران سمندری خوراک کی قومی برآمدات 39 کروڑ 49 لاکھ ڈالر سے تجاوز کرگئی جبکہ گذشتہ مالی سال کے اسی عرصہ کے دوران سمندری خوراک کی برآمدا ت کا حجم 30 کروڑ 52 لاکھ ڈالر رہا تھا۔

اس طرح گذشتہ مالی سال کے پہلے گیارہ ماہ کے مقابلہ میں جاری مالی سال کے ابتدائی گیارہ مہینوں میں سمندری خوراک کی قومی برآمدات میں 59 کروڑ 42 لاکھ ڈالر یعنی 19.45 فیصد کا نمایاں اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے۔

رپورٹ کے مطابق وزن کے حساب سے سمندری خوراک کی برآمدات میں 18 فیصد کا اضافہ ہوا ہے اور گذشتہ مالی سال کے پہلے گیارہ ماہ کے دوران ایک لاکھ 40 ہزار747 میٹرک ٹن برآمدات کی گئیں جبکہ رواں مالی سال کے اسی عرصہ کے دوران برآمدات ایک لاکھ 99 ہزار 688 میٹرک ٹن تک بڑھ گئیں اس طرح رواں مالی سال میں 58 ہزار941 میٹرک ٹن یعنی 18 فیصد زائد برآمدات ریکارڈ کی گئی ہیں۔

پی بی ایس کے مطابق مئی 2017 کے دوران سمندری خوراک کی برآمدات میں 38 فیصد کا اضافہ ہوا اور مئی 2016 کی 34 کروڑ 78 لاکھ ڈالر کی برآمدات کے مقابلے میں 47 کروڑ 98 لاکھ ڈالر تک بڑھ گئیں۔

رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ سمندری خوراک کی برآمدات میں اضافہ سے قیمتی زرمبادلہ کے حصول میں مدد کے ساتھ شعبہ کی کارکردگی پر بھی مثبت اثرات مرتب ہوں گے

تبصرے (1) بند ہیں

Khalid Sohail Jun 23, 2017 02:32pm
Country is important not any person or company. Create jobs.