بھارتی ٹیم کے کپتان ویرات کوہلی نے کہا ہے کہ وہ سابق کوچ انیل کمبلے کے فیصلے کا احترام کرتے ہیں اور بحیثیت کرکٹر ان کی بہت عزت کرتے ہیں۔

کوہلی ان دنوں ویسٹ انڈیز کے خلاف سیریز کھیلنے کیلئے کیریبیئب سرزمین پر موجود ہیں اور تمام چیزیں پس پشت ڈال کر سیریز پر توجہ مرکوز کیے ہوئے ہیں۔

اتوار کو چیمپیئنز ٹرافی کے فائنل میں 180 رنز سے بدترین شکست کے دو دن بعد بھارتی ٹیم کے کوچ انیل کمبلے نے کوچنگ سے استعفیٰ دیتے ہوئے کہا تھا کہ کپتان اور میرے درمیان شراکت داری اب مزید نہیں چل سکتی لہٰذا میں کوچنگ سے مستعفی ہوتا ہوں۔

ویرات کوہلی نے کوچ سے کشیدہ تعلقات کی تفصیلات میں نہ جاتے ہوئے کہا کہ انیل بھائی نے اپنے خیالات کا اظہار کردیا ہے، انہوں نے مستعفی ہونے کا فیصلہ کیا اور ہم سب اس فیصلے کا احترام کرتے ہیں۔

کوہلی نے کہا کہ یہ سب کچھ ٹورنامنٹ کے فوراً بعد ہوا اور ہم نے گزشتہ تین چار سال میں اس طرح ماحول بنایا ہے کہ ڈریسنگ روم میں ہونے والی باتیں یہاں سے باہر نہ جائیں اور ہمارے لیے یہ سب سے اہم چیز ہے۔

انہوں نے یہ ان کی رائے ہے جس کا میں احترام کرتا ہوں اور بحیثیت کرکٹر بھی ان کی بہت عزت کرتا ہوں۔

بھارتی ٹیم دورہ ویسٹ انڈیز پر کوچ کے بغیر گئی ہے اور فوری طور پر کسی بھی فرد کو کوچ مقرر کیے جانے امکان نہیں البتہ سابق کرکٹر وریندر سہواگ کو اس عہدے کیلئے مضبوط ترین امیدوار تصور کیا جا رہا ہے۔

تبصرے (0) بند ہیں