بہت زیادہ وقت ٹی وی کے سامنے گزارتے ہیں؟

23 جون 2017
یہ بات آسٹریلیا میں ہونے والی ایک طبی تحقیق میں سامنے آئی— شٹر اسٹاک فوٹو
یہ بات آسٹریلیا میں ہونے والی ایک طبی تحقیق میں سامنے آئی— شٹر اسٹاک فوٹو

کیا آپ دن میں زیادہ وقت ٹیلیویژن دیکھتے ہوئے گزارتے ہیں؟ اگر ہاں تو اس کے اسٹاپ بٹن کو دبانا ہی صحت کے لیے بہتر ہے۔

یہ بات آسٹریلیا میں ہونے والی ایک طبی تحقیق میں سامنے آئی۔

یو کیو اسکول آف پبلک ہیلتھ کی تحقیق میں بتایا گیا کہ آج کے دور میں بہت زیادہ ٹی وی دیکھنا وقت گزاری کے لیے ایک عام عادت بن چکی ہے جو کہ متعدد طبی مسائل کا باعث بنتی ہے۔

مزید پڑھیں : ٹی وی دیکھنا بن سکتا ہے کینسر کا باعث، تحقیق

مگر اس تحقیق میں پہلی بار ٹی وی دیکھنے کی عادت اور درمیانی عمر کے افراد کے جسمانی افعال پر مرتب ہونے والے منفی اثرات کو دیکھا گیا۔

تحقیق کے دوران لگ بھگ دو ہزار افراد کے ڈیٹا کا جائزہ لیا گیا جن کی عمریں 47 سے 85 سال کے درمیان تھیں۔

بارہ سال تک جاری رہنے والی تحقیق میں ان افراد کو چھ گروپس مین تقسیم کیا گیا، یعنی ہفتے میں پانچ گھنٹے سے کم دیکھنے والے، اس سے زیادہ دیکھنے والے، معتدل دیکھنے والے، اعتدال سے زیادہ، زیادہ دیکھنے والے اور بہت زیادہ دیکھنے والے وغیرہ۔

یہ بھی پڑھیں : بہت زیادہ ٹی وی دیکھنا موت کا خطرہ بڑھائے

نتائج سے معلوم ہوا کہ جو لوگ ہفتہ بھر میں دس سے بیس گھنٹے ٹی وی سیٹ کے سامنے گزارتے ہیں، ان کے جسمانی مسلز میں نمایاں کمزوری دیکھنے میں آتی ہے۔

محققین کا کہنا تھا کہ زیادہ ٹی وی دیکھنے والے افراد کے جسم زیادہ سرگرمی سے قاصر ہوجاتے ہیں جبکہ جسمانی اعضاءجیسے گھنٹے یا دیگر جوڑوں پر منفی اثرات مرتب ہوتے ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ اس حوالے سے مزید تحقیق کی ضرورت ہے تاکہ مجموعی جسمانی افعال پر اس کے اثرات کا جائزہ لیا جاسکے۔

اس سے قبل رواں سال امریکا میں ہونے والی ایک تحقیق میں یہ بات سامنے آئی تھی کہ نوجوانی میں بہت زیادہ وقت تک ٹیلیویژن دیکھنا اور جسمانی سرگرمیوں سے دوری دماغی افعال کی تنزلی کا باعث بنتی ہے، جبکہ جسم تیزی سے بڑھاپے کی جانب بڑھتا ہے۔

آسان الفاظ میں اگر تو آپ بہت زیادہ ٹیلیویژن دیکھنے کے عادی ہیں تو عمر سے پہلے بڑھاپے کو خوش آمدید کہنے کے لیے تیار ہوجائیں۔

تبصرے (0) بند ہیں