پاکستان الیکٹرانک میڈیا اتھارٹی (پیمرا) نے سابق کرکٹر عامر سہیل کی جانب سے پاکستانی کرکٹ ٹیم کے کپتان سرفراز احمد کے خلاف ایک پروگرام کے دوران ادا کیے گئے غیر ذمہ دارانہ جملوں کو نشر کرنے پر نجی ٹی وی چینل سما کی انتظامیہ کو معذرت کرنے کی ہدایت کردی۔

پیمرا کی جانب سے ٹی وی انتظامیہ کو 25جون کو پرائم ٹائم کے نیوز بلیٹن میں معذرت نشر کرنے کی ہدایت کی گئی ہے جبکہ چینل کو معذرت نشر کرتے وقت اسکرین پر ٹیکسٹ بھی جاری کرنے کو یقینی بنانے کی ہدایت کی گئی ہے۔

پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کی جانب سے سما کے خلاف پیمرا میں کی گئی ایک شکایت کا نوٹس لیتے ہوئے معذرت کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔

واضح رہے کہ پیمرا نے 20جون کو مذکورہ چینل کو شو کاز نوٹس جاری کرتے ہوئے چینل انتظامیہ کو اپنا تحریری موقف اور سماعت کیلئے 23 جون کو پیش ہونے کی ہدایت کی گئی تھی۔

پیمرا نے چینل انتطامیہ کا زبانی و تحریری موقف کاجائزہ لینے کے بعد اس بات پر اتفاق کیا کہ عامر سہیل نے جو الفاظ اور زبان استعمال کی تھی وہ پیمرا کے ضابطہ اخلاق کی سراسر خلاف ورزی ہے۔

یاد رہے کہ قومی کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان عامر سہیل نے چمپیئنز ٹرافی 2017 کے میچوں کے دوران ایک پروگرام میں سرفرازاحمد کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا تھا کہ چیمپیئنز ٹرافی میچز میں پاکستان ٹیم کی جیت میں ان کا کوئی کارنامہ نہیں ہے۔

مزید پڑھیں:'آپ زیادہ اترائیں نہیں'، عامر سہیل کی سرفراز پر تنقید

سابق کپتان نے کہا کہ ’سرفراز احمد کو یہ بتانے کی ضرورت ہے کہ (پاکستان ٹیم کو فتح دلانے میں) آپ نے کوئی کمال نہیں کیا بلکہ یہ میچ آپ کو جتوائے گئے ہیں‘۔

انہوں نے سرفراز احمد کو آڑے ہاتھوں لیتے ہوئے کہا کہ 'آپ زیادہ اترائیں نہیں کیونکہ ہمیں سب معلوم ہے کہ (کرکٹ میں) کیا ہوتا اور کیا نہیں ہوتا'۔

بعدازاں عامر سہیل نے ایک بیان میں سرفراز احمد کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کرتے ہوئے کہا تھا کہ ان کے بیان کو سیاق وسباق سے ہٹ کر پیش کیا گیا۔

ان کا کہنا تھا کہ چیمپیئنز ٹرافی کے بعد وہ کپتان کے ساتھ بیٹھ کر تمام غلط فہمیوں کو دور کر دیں گے۔

ضرور پڑھیں

تبصرے (0) بند ہیں