شاہد آفریدی کے گھر پر شیر کی موجودگی سے متعلق تحقیقات شروع

اپ ڈیٹ 15 جون 2018
سابق کرکٹر کے خلاف تحقیقات کا آغاز کردیا گیا—فوٹو: فیس بک
سابق کرکٹر کے خلاف تحقیقات کا آغاز کردیا گیا—فوٹو: فیس بک

معروف سابق کرکٹر شاہد آفریدی کی جانب سے گزشتہ ہفتے اپنے گھر میں 6 سالہ بیٹی اور ایک شیر کی تصویر ٹوئیٹ کرنے کے بعد سندھ کے محکمہ وائلڈ لائف نے ان کے خلاف تحقیقات کا حکم دے دیا۔

خیال رہے کہ شاہد آفریدی نے رواں ماہ 9 جون کو اپنی ایک ٹوئیٹ میں 2 تصاویر شیئر کی تھیں، جن میں سے ایک تصویر میں وہ ہرن کے بچے کو دودھ پلاتے نظر آئے۔

جب کہ دوسری تصویر میں ان کی 6 سالہ بیٹی اپنے گھر میں خوش دکھائی دی، تاہم اس تصویر میں ایک شیر بھی دکھائی دے رہا تھا، جو کسی پنجرے میں قید ہونے کے بجائے فرش پر آزاد بیٹھا دکھائی دیا۔

اگرچہ شاہد آفریدی نے ان تصاویر کے ذریعے جانوروں کا خیال رکھنے اور اپنے اہل خانہ اور خصوصی طور پر اپنی 6 سالہ بیٹی سے محبت کے حوالے سے اپنے جذبات کا اظہار کیا تھا۔

شاہد آفریدی نے 9 جون کو شیر کی تصویر ٹوئیٹ کی تھی—اسکرین شاٹ
شاہد آفریدی نے 9 جون کو شیر کی تصویر ٹوئیٹ کی تھی—اسکرین شاٹ

تاہم جلد ہی لوگوں نے انہیں تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے انہیں یاد دلایا کہ گھر میں شیر کو آزاد حالت میں رکھنا غیر قانونی ہے۔

سوشل میڈیا پر شاہد آفریدی کی تصاویر وائرل ہونے کے بعد اب سندھ کے محکمہ وائلڈ لائیف نے معاملے کا ںوٹس لیتے ہوئے ان کے گھر میں شیر کی موجودگی سے متعلق تحقیقات کا حکم دے دیا۔

ڈان میں شائع خبر کے مطابق وائلڈ لائیف کے کنزرویٹر تاج محمد شیخ نے بتایا کہ شاہد آفریدی کے گھر میں شیر کی کھلے عام موجودگی کا معاملہ سامنے آنے کے بعد تحقیقات کا حکم دے دیا۔

تاج محمد شیخ کا کہنا تھا کہ اگر شاہد آفریدی مجرم پائے گئے اور انہوں نے کسی قانون کی خلاف ورزی کی ہوگی تو ان سمیت اس معاملے میں ملوث تمام افراد کے خلاف قانونی کارروائی کی جائے گی۔

شاہد آفریدی کے گھر میں موجود شیر سے متعلق پتہ چلا ہے کہ یہ شیر انہیں ایک مداح کی جانب سے بطور تحفہ دیا گیا تھا۔

سابق کرکٹر کو یہ شیر حسن حسین نامی ایک مداح نے تحفے میں دیا تھا، جنہوں نے ڈان کو بتایا کہ انہوں نے شاہد آفریدی کو یہ شیر اس وقت دیا تھا جب اس کی عمر 2 سال تھی اور اس کی ماں مر چکی تھی۔

ان کے مطابق یہ شیر پالتو اور محفوظ ہے،اس سے کسی خطرے کا کوئی امکان نہیں۔

انہوں نے دعویٰ کیا کہ انہوں نے محکمہ وائلڈ لائف کی اجازت سے ہی شیر کو شاہد آفریدی کے گھر منتقل کیا تھا۔

—فوٹو: فیس بک
—فوٹو: فیس بک

تبصرے (0) بند ہیں