ورلڈہاکی لیگ 2017 میں پانچویں پوزیشن کے لیے کھیلے گئے میچ میں بھارت نے پاکستان کو باآسانی 6-1 سے شکست دے دی جس کے بعد پاکستان کے ورلڈ کپ 2018 میں براہ راست رسائی کے امکانات معدوم ہوگئے۔

انگلینڈ کے شہر لندن میں کھیلے جارہی ورلڈ ہاکی لیگ میں پاکستانی ٹیم کی ناقص کاکردگی کا سلسلہ ختم نہ ہوسکا اور پانچویں پوزیشن کے لیے کھیلے گئے میچ میں بھارت نے پاکستان کو باآسانی شکست دی جو ٹورنامنٹ میں روایتی حریف بھارت کے ہاتھوں دوسری شکست ہے۔

مزید پڑھیں:پاکستان نے ہاکی ورلڈ کپ تک رسائی کا پہلا موقع گنوا دیا

بھارتی ٹیم اس کامیابی کے باوجود پانچویں پوزیشن کے لیے کینیڈا کی ٹیم کے مدمقابل ہوگی جس نے چین کی ٹیم کو 3-7 سے ہرایا تھا، کینیڈا اور بھارت کے درمیان ہونے والے میچ کی فاتح ٹیم پانچویں پوزیشن حاصل کرپائے گی۔

پانچویں پوزیشن حاصل کرنے والی ٹیم ورلڈکپ 2018 کے لیے براہ راست کوالیفائی کرے گی۔

بھارتی ٹیم نے پاکستان کے خلاف اہم میچ میں شروع سے ہی شاندار کھیل کا مظاہرہ کیا، رامدیپ سنگھ اور آکاش دیپ سنگھ نے دو دو گول کیے۔

ہرمنپریت اور مندیپ سنگھ نے ایک ایک گول کے ذریعے اپنی ٹیم کی کامیابی کو مزید مضبوط کردیا۔

پاکستان کی جانب سے واحد گول اعجازاحمد نے کیا جبکہ دیگر کھلاڑی اسکور کرنے میں ناکام رہے۔

واضح رہے کہ گزشتہ اتوار کو کھیلے گئے میچ میں بھارت نے پاکستان کو 7-1 کے بھاری مارجن سے شکست دی تھی جس کے بعد پاکستانی ٹیم مسلسل شکستوں کے بعد ایونٹ کے سیمی فائنل کی دوڑ سے باہر ہوگئی تھی۔

ضرور پڑھیں

تبصرے (0) بند ہیں